http://bbc.com.im/urdu/

Monday, 02 October, 2006, 23:45 GMT 04:45 PST

اقوام متحدہ کے نئے سیکریٹری جنرل

سلامتی کونسل میں اقوام متحدہ کے نئے سیکریٹری جنرل کے انتخاب کے ابتدائی مرحلے میں جنوبی کوریا کے وزیر خارجہ بان کی مون کامیاب رہے ہیں۔

یہ ووٹنگ کا غیر رسمی مرحلہ ہوتا ہے لیکن دیکھا گیا ہے کہ اس میں کامیاب ہونے والا امیدوار ہی آگے کے مرحلے میں جیت جاتا ہے۔

اس مرحلے میں کوریا کے وزیر خارجہ واحد امیدوار تھے جنہوں نے سلامتی کوسنل کے پانچوں مستقل اراکین یعنی امریکہ، چین، روس، فرانس اور برطانیہ کی حمایت حاصل کر لی۔

مسٹر کی مون پچھلے تین غیر رسمی بیلٹ میں بھی پہلے نمبر پر رہے۔

اس عہدے کے لیئے باقی پانچ امیدواروں کو کسی نے کسی ملک نے ویٹو کیا ۔ ان امیدواروں میں اقوام متحدہ کے انڈر سیکریٹری جنرل ششی تھرور بھی شامل تھے جو کہ اس عہدے کے لیئے ایک طاقتور امیدوار سمجھے جاتے تھے۔ ان کے حمایت میں دس ووٹ ڈالے گئے اور ان کے خلاف تین ووٹ تھے جن میں ایک ویٹو بھی شامل تھا۔ بیلٹ کے فوراً بعد ششی تھرور نے اس مقابلے سے دست بردار ہبنے کا اعلان کر دیا۔

سکریٹری جنرل کے انتخاب کے لیئے ووٹنگ کا عمل پیر نو اکتوبر کو ہوگا۔ کوفی عنان کی اس عہدے پر دس سالہ مدت اکتیس جنوری کو ختم ہو جائے گی۔

باسٹھ سالہ بان کی مون ایک قابل سفارتکار سمجھے جاتے ہیں۔