Tuesday, 26 September, 2006, 15:29 GMT 20:29 PST
امریکی فوج کے ایک بیان کے مطابق تین امریکی میرین فوجیوں پر ایک عراقی شہری کو قتل کرنے کے الزام میں فوجی ٹرائبیونل میں مقدمہ چلایا جائےگا۔
یہ تین فوجی ان آٹھ لوگوں میں شامل ہیں جن پر ہمدانیہ گاؤں میں رہنے والے ایک باون سالہ عراقی شہری ہاشم ابراہیم عواد کے اغوا اور قتل کا الزام ہے۔ استغاثہ کے مطابق ہاشم ابراہیم کو اغوا کیا گیا، ان کے پیر باندھ کر ان کو گھر سے گھسیٹا گیا اور پھر گولی مار دی گئی تھی۔
پرائیویٹ جان جوٹکا پر الزام ہے کہ انھوں نے ہاشم ابراہیم پر گولی چلائی، کارپورٹ مارشل میگنکالڈا پر ان کو اغوا کرنے کا اور لیفٹیننٹ کارپورل جیری شماتے پر مقتول کے خلاف اپنی بندوق کے استعمال اور تفتیش کاروں کے سامنے جھوٹ بولنے کے الزامات ہیں۔
اگرچہ ارادتاً قتل کے جرم میں امریکہ میں سزائے موت دی جاتی ہے لیکن امریکی بیان میں کہا گیا ہے کہ ان تینوں فوجیوں کے لئے سزائے موت کی درخواست نہیں کی جائے گی۔
واضح رہے کہ کئی امریکی فوجیوں پر عراقی شہریوں کو قتل کرنے کے الزامات ہیں۔