http://bbc.com.im/urdu/

Tuesday, 19 September, 2006, 15:46 GMT 20:46 PST

برطانوی فوجی کا اقرار جرم

کورٹ مارشل کے دوران ایک برطانوی فوجی نے عراقی شہریوں کے ساتھ غیر انسانی سلوک کرنے کااعتراف کرلیا ہے۔

یہ اعتراف کارپورل ڈونلڈ پینی نے جوکہ ’ڈیوک آف لنکاسٹر رجمینٹ‘ سے تعلق رکھتے ہیں، کیا ہے۔

یہ پینتیس سالہ فوجی ان سات برطانوی فوجیوں میں سے ایک ہیں جن کا جنگی جرائم کے الزامات کے تحت کورٹ مارشل کیا جا رہا ہے۔

البتہ انہوں نے فوجی عدالت کے سامنے جان بوجھ کر قتل کرنے اور عدالتی عمل کو ناکام بنانے کے الزامات سے انکار کیا ہے۔

غیر انسانی سلوک کے الزام کے تحت ڈونلڈ پینی سمیت تین اہلکاروں کو چارج کیا جارہا ہے اور ان کے خلاف ’انٹرنیشنل کرمنل کورٹ ایکٹ 2001‘ کے تحت کارروائی ہورہی ہے۔

اس قانون کے تحت یہ پہلے برطانوی فوجی ہیں جن کے خلاف کارروائی ہورہی ہے۔ جبکہ دیگر الزامات کے تحت ان فوجیوں کے خلاف انیس سو پچپن کے برطانوی فوجی قانون کے تحت کارروائی ہوگی۔