Monday, 18 September, 2006, 15:04 GMT 20:04 PST
فرانس کے صدر ژاک شیراک نے اقوامِ متحدہ کی سیکیورٹی کونسل سے کہا ہے کہ ایران پر پابندیاں لگانا اس کے جوہری توانائی سے پیدا ہوئے بحران کا حل نہیں ہے۔
انہوں نے یورپ کے ریڈیو ون سے بات کرتے ہوئے ان ملکوں پر جو کہ ایران پر پابندیاں لگانے کی دھمکی دے رہے ہیں زور دیا کہ وہ یہ دھمکیاں دینا ختم کر دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ’ میں اس بات پر یقین نہیں رکھتا کہ کسی مسئلے کا بات چیت کے بغیر حل نکل سکتا ہے‘۔
امریکہ اس بات پر زور دے رہا ہے کہ اگر ایران یورینیم کی افزودگی کے پروگرام پر کام ملتوی نہیں کرتا تو اس پر پابندیاں لگا دی جائیں۔
ژاک شیراک نے یہ بات اس وقت کی ہے جب پوری دنیا کے رہنماء اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں شرکت کر رہے ہیں۔
امریکہ اس بات پر زور دے رہا ہے کہ ایران پر پابندیاں لگا دی جائیں لیکن کئی یورپی ملک یہ پابندیاں لگانے سے کترا رہے ہیں اور ایران کو یورینیم کی افزودگی کا پروگرام روکنے کے بدلے میں کئی مراعات کی پیشکش کر رہے ہیں۔
بی بی بی کی پیرس میں موجود نمائندہ کیرولین واٹ کا کہنا ہے کہ لبنان کے حالیہ بحران کے دوران فرانس کی بین الااقوامی سفارت کاری بہت کامیاب رہی ہے اور اب ژاک شیراک دنیا کو ایران کے مسئلے پر اپنی قائدانہ رائے دینا چاہتے ہیں جیسا کہ ایران کے ساتھ ان کے گہرے تاریخی تعلقات بھی ہیں۔
فرانسیسی صدر کا کہنا ہے کہ انہیں یقین ہے کہ ابھی تک ایران اور ان چھ ملکوں کے درمیان جن میں امریکہ، برطانیہ، فرانس، جرمنی، روس اور چین شامل ہیں اس مسئلے پر مؤثر بات اور فائدہ مند بات چیت ہو سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’میں یاس پسند نہیں ہوں اور میرا خیال ہے کہ ایران ایک عظیم قوم ہے اور ہم ان کے ساتھ مل کر مسائل کا حل نکال سکتے ہیں‘۔
انہوں نے کہا کہ اس مسئلے کا حل اسی طرح نکالا جا سکتا ہے کہ دو حلیفوں کے درمیان کسی قسم کی شرائط رکھے بغیر بات چیت کا آغاز ہونا چاہیے اور فریقین کو اس مسئلے پر ایک دوسرے کو رعایت دینی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور ان چھ ملکوں کو مل کر بات چیت شروع کرنے کے لیے ایجنڈا بنانا چاہیے اور پھر اس بات چیت کے دوران ان چھ ملکوں کو ایران کو سیکیورٹی کونسل لے جانے کی دھمکی واپس لینی چاہیے اور ایران کو یورینمیم کی افزدگی بند کر دینی چاہیے۔
یہ پہلی مرتبہ ہے کہ کسی یورپی رہنماء نے اس بات کو واضح کیا ہے کہ ایران کا یہ وعدہ کہ وہ یورینیم کی افزردگی بند کر دے گا بات چیت شروع کرنے کی شرط نہیں ہو گی۔ لیکن اس مسئلے پر بحث بات چیت کے دوران کی جائے گی۔
اسی اثنا میں اقوام متحدہ کی جوہری ایجنسی کے سربراہ نے ایران اور ان چھ طاقتوں کو جلد از جلد بات چیت کے آغاز کے لیے زور دیا ہے۔