Friday, 15 September, 2006, 13:59 GMT 18:59 PST
اسرائیل نے اعتراف کیا ہے کہ جولائی میں جنوبی لبنان میں اقوام متحدہ کے پوسٹ پر کیا گیا حملہ ایک المناک بھول تھی۔
اس حملے میں اقوام متحدہ کے امن مشن کے چار اہلکار ہلاک ہو گئے تھے۔
اسرائیل کے ذریعہ کی گئی جانچ میں یہ پایا گیا ہے کہ حزب اللہ کے ساتھ ہوئے جنگ کے دوران فوج کے غلط نقشے کے سبب اس پوسٹ کو نشانہ بنایاگیا۔ اس حملے میں چین، آسٹریا، فین لینڈ اور کینیڈا سے تعلق رکھنے والے امن مشن کے چار اہلکار ہلاک ہو گئے تھے۔
حملے کے بعد اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل کوفی عنان نے اسے بظاہر جان بوجھ کر کیا گیا حملہ بتایا تھا۔ جبکہ اس وقت اسرائیلی وزیر اعظم یہود المرٹ نے اس حملے پر شدید افسوس کا اظہار کیا تھا۔
انہوں نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے اس واقعہ کو’المناک بھول‘ قرار دیا۔
ریگیو نے کہا کہ جانچ کے نتیجے کو سبھی چار متعلقہ ممالک کو بھیج دیا گیا ہے۔
ادھر اقوام متحدہ خود بھی اس حملے سے متعلق رپورٹ تیار کر رہی ہے۔
اس وقت اقوام متحدہ اور اسرائیل خطے میں امن قائم کرنے جیسے متعدد حساس موضوعات پر مزاکرات کر رہے ہیں۔