Saturday, 09 September, 2006, 10:43 GMT 15:43 PST
نیٹو کی اتحادی افواج نے شمالی افغانستان کے فوجی آپریشن میں مزید چالیس مشتبہ طالبان کو ہلاک کرنے کا دعوی کیا ہے۔
نیٹو کے مطابق ایک ہفتے پہلے قندھار میں شروع ہونے والے فوجی آپریشن میں وہ اب تک تین سو باغیوں کو مار چکے ہیں۔
پولینڈ میں نیٹو کے ممبر ممالک کی پولینڈ میں ہونے والی میٹنگ میں افغانستان میں مزید فوجی تعینات کرنےکے بارے میں غور کیا گیا تھا۔ اس سلسلے میں دو ہزار فوجیوں کا اضافہ متوقع ہے۔ یہ تعداد اس لیئے بھی بڑھائی جا رہی ہے کہ اتحادی افواج کے بہت سے فوجی اس آپریشن میں جوابی کارروائیوں کے سبب ہلاک و زخمی ہوئے ہیں۔
بی بی سی کے نمائندے پال ووڈ کا کہنا ہے کہ میٹنگ میں جتنے فوجیوں کے اضافے پر غور کیا گیا تھا یہ اس سے کہیں زیادہ ہے جس سے پتا چلتا ہے کہ اتحادی فوج کو افغانستان میں کتنی مشکل درپیش ہے۔
پچھلے کچھ ہفتوں میں نیٹو افواج کے بہت سے برطانوی اور کینیڈین فوجی مارے جا چکے ہیں۔ اس لیئے ترکی، جرمنی اور اٹلی نے افغانستان کی تعمیر نو کے لیئے افغانستان میں تعینات اپنے فوجیوں کو قندھار بھیجنے پر ہچکچاہٹ کا اظہار کیا ہے۔
دو ستمبر کو شروع ہونے والے میدوسا آپریشن کا مقصد یہ ہے کہ باغیوں کو قندھار کے علاقے سے باہر نکال دیا جائے۔ جولائی کے آخر میں امریکہ نے اس علاقے کی سربراہی نیٹو کو سونپ دی تھی جس کے بعد سے نیٹو اتحادیوں کا یہ سب سے بڑا آپریشن ہے۔ نیٹو نمائندے کا کہنا ہے کہ اس علاقے میں بم بنانے والی ایک فیکٹری بھی پکڑی گئی ہے۔
اتحادی فوجیوں نے قندھار شہر کی اہم شاہراہ کو عام لوگوں کے لیئے کھول دیا ہے۔
جمعہ کے روز کابل میں امریکی کار پر خودکش حملے کے بعد یہ جھڑپیں شروع ہوئی تھیں جس میں کم از کم سولہ لوگ مارے گئے تھے۔ مرنے والوں میں دو امریکی بھی شامل تھے۔
خود کو طالبان کا نمائندہ بتانے والے ایک آدمی نے افغان نیوز ایجنسی کو بتایا ہے کہ اس خود کش حملے کے پیچھے باغی گروہ کا ہاتھ ہے۔ ’خود کش حملوں کا سلسلہ تو بہت عرصے سے جاری ہے مگر یہ دھماکہ غیر معمولی تھا‘۔
طالبان دور کے رہنما احمد شاہ مسعود کی ہلاکت کو ہفتے کے روز پانچ سال پورے ہو جائیں گے اور اس موقع پر طالبان پوری تیاری میں ہیں۔ متوقع حملوں کے پیش نظرافغان دارالخلافہ کی سکیورٹی میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔
افغان فوج کے سپاہیوں نے کابل کی طرف جانے والی ساری سڑکوں پر چیک پوائنٹس بنا دیئے ہیں اور ہر کار کی تلاشی لی جا رہی ہے۔