http://bbc.com.im/urdu/

Friday, 08 September, 2006, 10:18 GMT 15:18 PST

امریکی فوجیوں سمیت16 ہلاک

افعانستان کے دارالحکومت کابل میں خود کش بم حملے میں دو امریکی فوجیوں سمیت سولہ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ہلاک ہونے والوں میں چودہ افغان راہ گیر بھی ہلاک ہو گئے ہیں۔

بی بی سی کے نامہ نگار کےمطابق دھماکہ امریکی ایمبیسی کے قریب سکیورٹی پر معمور امریکی فوجی گاڑی حموی پر کیا گیا۔ کابل کا یہ علاقہ نسبتاً محفوظ سمجھا جاتا ہے۔

بی بی سی کے نامہ نگار ایلسٹر لیتھیڈ نے بتایا ہے کہ دھماکے میں مرنے والوں کی لاشوں کے ٹکرے ہر طرف بکھرے پڑے ہیں اور دھماکہ اتنا شدید تھا کہ اس کی آواز پورے کابل میں سنی گئی۔

افغانستان میں امریکی فوج کے ترجمان نے دو امریکی فوجیوں کے مرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ خود کش حملہ آور نے فوجی گاڑی حموی کو نشانہ بنایا۔

دھماکہ ایسے وقت کیا گیا ہے جب نیٹو ممالک کے فوجی سربراہان پولینڈ کے دارالحکومت وراسا میں مل رہے ہیں جہاں وہ افغانستان میں فوجی کمک بھیجنے کی درخواست پر غور کریں گے۔

افغانستان میں نیٹو فوج کے کمانڈروں نے خبردار کیا ہے کہ افغانستان میں مزاحمتی تحریک عراقی میں جاری مزاحمتی تحریک سے بھی شدید ہے۔

افغانستان میں نیٹو اور افغان فوجیوں کی مشتبہ طالبان کے درمیان جھڑپیں روز کا معمول بن چکی ہیں۔

افغانستان میں برسر پیکار برطانوی برگیڈیر ایڈ بٹلر نے برطانوی ٹیلی ویژن آئی ٹی وی کو بتایا ہے کہ ان کی افواج پر روزانہ ایک درجن سے زیادہ حملے ہو رہے ہیں۔