http://bbc.com.im/urdu/

Tuesday, 05 September, 2006, 11:19 GMT 16:19 PST

لبنان میں ایک اور پراسرار دھماکہ

جنوبی لبنان کے شہر سیدون میں ہونے والے زبردست دھماکے میں ایک انتہائی سینئر انٹیلیجنس افسر شدید زخمی اور ان کے دو محافظ ہلاک ہو گئے ہیں۔

انٹیلیجنس افسر سمیر شحادہ کو اس وقت ریموٹ کنٹرول کے ذریعے کیئے جانے والے بم دھماکے کا نشانہ بنایا گیا جب وہ رامیلیہ نامی گاؤں کے قریب سے گزر رہے تھے۔

کرنل شحادہ اقوام متحدہ کی جانب سے لبنان کے مقتول وزیراعظم رفیق حریری کے قتل کی تحقیقات میں شامل تھے۔ رفیق حریری کو 2005 میں ایک بم دھماکے کے ذریعے قتل کیا گیا تھا۔

قتل کا یہ واقعہ اسرائیل اور لبنان میں مخدوش فائر بندی کے چونتیس دن بعد پیش آیا ہے۔

اقوام متحدہ کی جانب سے حریری قتل کی تحقیقات کے سربراہ اپنی تازہ ترین رپورٹ 15 ستمبر کو پیش کرنے والے ہیں۔

ایک عرب ٹی وی کا کہنا ہے کہ کرنل شحادہ وزیراعظم رفیق حریری کے قتل کے سلسلے میں لبنانی سیکورٹی کے سربراہ سمیت مزید چار سابق اعلیٰ اہلکاروں کی گرفتاری کا باعث بنے تھے۔
پولیس نے دھماکے کے بعد علاقے کی ناکہ بندی کر رکھی ہے

اقوام متحدہ کی رپورٹ میں شام کے اہم اعلیٰ اہلکاروں کو ملوث بتایا گیا تھا اور کہا گیا تھا کہ لبنان میں گرفتار کیئے جانے والے چاروں سابق اعلیٰ اہلکاروں کا شام سے قریبی تعلق رکھتے تھے۔

ان میں لبنان کی عام سکیورٹی کےسابق سربراہ جمال السید بھی شامل تھے۔ لبنانی وزیراعظم کے قتل کے بعد لبنان میں شام کی موجودگی کی مخالفت مزید شدت اختیار کر گئی تھی اور آخرِ کار شامی افواج کو لبنان سے جانا پڑا تھا۔