Saturday, 02 September, 2006, 21:45 GMT 02:45 PST
افغانستان میں ایک فوجی طیارے کے حادثے میں چودہ برطانوی فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔
برطانوی وزارتِ دفاع کے مطابق قندہار کے قریب تباہ ہو جانے کی وجہ سے برطانوی رائل ایئر فورس کے بارہ فوجی، نیوی اور بری فوج کا ایک ایک سپاہی اس طیارے پر سوار تھے۔
برطانوی رائل ایئر فورس کا ایم آر ٹو طیارہ افغانستان میں تعینات ناٹو کی افواج میں شامل تھا۔
طیارے کے تباہ ہونے کا یہ واقعہ بظاہر ایک حادثہ لگتا ہے اور وزیر اعظم ٹونی بلیئر نے کہا ہے کہ یہ پورے ملک کے لیئے پریشان کن اور افسوسناک خبر ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ہمیں فوراً ان فوجیوں کے خاندان والوں کا خیال آتا ہے جو اس حادثہ میں ہلاک ہو گئے ہیں۔
ٹونی بلیئر نے کہا کہ برطانوی فوج افغانستان میں ایک اہم مشن پر ہیں اور اس اندہوناک واقعہ ہمیں ان خطرات سے آگاہ کرتے ہیں جن کو ان فوجیوں کو سامنہ ہے۔
برطانوی وزیر دفاع نے ڈیس براؤن نے کہا کہ ’ یہ ایک بہت افسوناک اور اندہوناک خبر ہے۔ مجھے یقین ہے کہ برطانوی عوام ان کے ساتھ ان فوجیوں کے لواحقین کو تعزیات کے پیغام بھیجیں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ اس وقت حاصل ہونے والی تمام معلومات سے لگتا ہے کہ یہ ایک حادثہ تھا اور دشمن کی کارروائیوں کا نتیجہ نہیں تھا۔
ناٹو کے فوجی حکام کے مطابق پائلٹ نے ہوائی جہاز کے تباہ ہونے سے کچھ دیر قبل طیارے میں فنی خرابی کا پیغام بھیجا تھا۔