Wednesday, 30 August, 2006, 00:34 GMT 05:34 PST
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کوفی عنان نے یروشلم میں اپنی ملاقات کے دوران اسرائیل سے کہا ہے کہ وہ لبنان کا فضائی اور بحری ناکہ بندی ختم کرے۔
کوفی عنان نے وزیر دفاع عمیر پیریٹز سے ملاقات کے دوران کہا کہ ’بےعزت‘ کرنے والی ناکہ بندی جتنی ممکن ہو ختم کی جائے۔ اس سے پہلے اسرائیل نے کہا ہے کہ حزب اللہ کو دوبارہ مسلح کرنے کے اس کے خدشات کو دور کیا جائے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے گزشتہ دو ہفتوں کے دوران فائربندی کی خلاف ورزیوں کے لیے اسرائیل کو ذمہ دار ٹھہرایا۔عنان نے یہ بھی کہا کہ جنوبی لبنان میں موجود امن فوجیوں کی تعداد دوگنی کرکے جلد ہی پانچ ہزار کردی جائے گی۔
کوفی عنان بدھ کے روز اسرائیلی وزیراعظم ایہود اولمرت سے بھی ملاقات کرنے والے ہیں۔
منگل کو عنان نے ان دو اسرائیلی فوجیوں کے رشتہ داروں سے ملاقات کی جنہیں حزب اللہ نے اپنے قبضے میں لے لیا تھا اور اس کے نتیجے میں جنگ چھڑ گئی تھی۔ عنان نے حزب اللہ سے اپیل کی کہ جتنا جلد ہو دونوں فوجیوں کو رہا کردے۔
کوفی عنان مشرق وسطیٰ کے دورے پر ہیں جس کا مقصد اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان فائربندی کو مستقل بنایا جاسکے۔ یہ فائربندی اقوام متحدہ نے چونتیس دنوں کی حالیہ جنگ ختم کرانے کے لیے کرائی ہے۔