http://bbc.com.im/urdu/

Tuesday, 29 August, 2006, 22:35 GMT 03:35 PST

اقتصادی ترقی، مگر مزدور کمزور: آئی ایل او

ایشیا میں ہونے والی اقتصادی ترقی کا ایشیائی مزدور فائدہ نہیں اٹھا پا رہےـ یہ بات انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن (آئی ایل او) کی ایک تازہ رپورٹ میں کہی گئی ہے۔

اقوام متحدہ کے اس ادارے کا کہنا ہے کہ ان علاقوں کےمزدوروں کے کام کے اوقات میں اضافہ ہوا ہے جبکہ تنخواہوں اور روزگار کے مواقع میں کمی آئی ہے۔

آیی ایل او کا کہنا ہے کہ بے روزگاری کم کرنا انتہائی اہم ہے کیونکہ اس وقت ایشیا میں ساٹھ کڑوڑ افراد ایسے ہیں جن کی ایک دن کی کمائی ایک ڈالر سے بھی کم ہے۔

آیی ایل او کے ڈپٹی ریجنل ڈائریکٹر لن لین لم نے کہا کہ اقتصادی ترقی کے باوجود ایشیا میں روزگار کے مواقع نہیں بڑھ سکے۔

اس رپورٹ کے مطابق آنے والی دہائی میں تقریباً پچیس کروڑ مزید افراد ملازمت کے حصول کے لیے نکل کھڑے ہونگے۔

آئی ایل او کے ڈائریکٹر جوان سوماویہ کا کہنا ہے کہ اقتصادی ترقی اور روزگار کے مواقع کی فراہمی کے درمیان اتنے واضح فرق کی وجہ سے غربت ختم کرنے کی کوششوں میں دشواری پیش آ رہی ہےـ

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اقتصادی ترقی میں مقابلے کے رجحان کی وجہ سے ملازمتوں کے اوقات کار میں بھی کمی نہیں آئی اور تنخواہوں میں بھی بہتری دیکھنے میں نہیں آئی۔