http://bbc.com.im/urdu/

Monday, 28 August, 2006, 17:17 GMT 22:17 PST

پائیدارامن کےراستے کھلیں گے: عنان

اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل کوفی عنان نے کہا ہے کہ اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان عارضی جنگ بندی نے دونوں کے لیئے طویل المدتی جنگ بندی اور امن کا مو قع فراہم کیا ہے۔

بیروت میں مذاکرات کے بعد عنان نے کہا کہ تنازع سے متعلق سبھی فریقوں کو اقوام متحدہ کی قرارداد پر عمل کرنا ہے۔ لبنان میں جنگ بندی اقوام متحدہ کے ذریعہ قرارداد پاس کرنے کے بعد عمل میں آی تھی۔

بیروت ہوا ئی اڈے پر پہنچنے کے بعد کوفی عنان نے لبنانی وزیراعٰظم فواد سینیورا ،
لبنانی پارلیمان کے سپیکر اور حزب اللہ کے حلیف علی بیری سے ملاقات کی۔اس مذاکرات میں اقوام متحہ کے پندرہ ہزار امن افواج کی تعیناتی اور اس کے کردار پر بھی غور کیا گیا۔ امن افواج کو اقوام متحدہ کے تیار کردہ جنگ بندی فارمولے کے تحت تعینات کی جانی ہے۔

کوفی عنان ابھی اس خطے کے دورے پر ہیں۔ انہوں نے کہا’ علی بیری نے مجھے بھروسہ دلایا کہ لبنان کے عوام اور حکومت اقوام متحدہ کےقراداد نمبر 1701 پر عمل درآمد کرنےکو تیار ہیں اور امید ہے کہ اسرائیلی حکومت بھی ایسا ہی کریگی‘۔

لبنان کے وزیر اعظم نے کہا کہ’ ہم امید کرتے ہیں کہ اس مذاکرات کے اچھے نتیجے سامنے آئیں گے لیکن یہ سب چوبیس گھنٹے میں نہیں ہونے والا‘۔

فواد سینیورا نے کہا کہ کوفی عنان سے انہوں نے اسرائیل میں بندی بنائیے گئے لبنانی لوگوں کی رہائی کے علاوہ شیبا فارم، جس پر اسرائیل نے قبضہ کیا ہوا ہے اسے واپس کرنے سے متعلق بات بھی کی۔

لبنان کے دورے کے بعد عنان اسرائیل، شام، فلسطیں اور ایران بھی جائیں گے۔

اسرائیل کو توقع ہے کہ 12 جولائی کو اس کے جن دو فوجیوں کو حزب اللہ نے اغواکر لیا تھا انہیں واپس کر دیا جائےگا۔

اس سے قبل اتوار کو حزب اللہ کے رہنما حسن نصراللہ نے کہا تھا کہ بندیوں کی رہائی سے متعلق بات چیت کے لیئے رابطے کیئے جا رہے ہیں۔ ادھر اسرائیل کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں ابھی کوئی بات چیت نہیں ہو رہی لیکن اسرائیلی وزیر خارجہ تیزپی لیونی نے کہا کہ اس تنازع کا حل بندیوں کی واپسی کے بغیر ممکن نہیں ہے۔

برلن کے اپنے دورے کے دوران لیونی نے کہا جنگ بندی کا دارومدار ہمارے دو فوجیوں کی رہائی پر قائم ہے۔

اس بیچ ترکی کی پارلیمان نے سوموار کو امن فوج میں شامل ہونے کی منظوری دے دی ہے۔ اقوام متحدہ کو امید ہے کہ چند ہفتوں میں امن افواج وہاں پہنچنی شروع ہو جائے گی۔