http://bbc.com.im/urdu/

Sunday, 27 August, 2006, 13:11 GMT 18:11 PST

غزہ میں مغوی غیر ملکی صحافی رہا

غزہ میں چودہ اگست کو اغوا کیئے گئے دو غیر ملکی صحافیوں کو رہا کر دیا گیا ہے۔ یہ دونوں صحافی امریکہ کے فاکس نیوز نے سے وابستہ ہیں۔

امریکہ سے تعلق رکھنے والے سٹیو سنٹانی اور نیوزی لینڈ کے اولف وگ کو غزہ سٹی میں سمندر کے قریب لا کر چھوڑ دیا گیا۔

دونوں صحافیوں کی رہائی سے کچھ دیر پہلے اغواکاروں نے ایک ویڈیو جاری کیا تھا جس میں ان صحافیوں کو یہ کہتے دکھا یا گیا تھا کہ ان لوگوں نے اسلام قبول کر لیا ہے۔

تاہم رہائی کے بعد سٹانی نے کہا کہ انہیں بندوق کی نوک پر اسلام قبول کرنے کے لیئے مجبور کیا گیا۔

ان صحافیوں کو فلسطین کے ہیڈکواٹرز سے ان کی گاڑی سے چودہ اگست کو اغوا کیا گیا تھا۔ اغوا کاروں نے اپنی تنظیم کا نام ’جہاد بریگیڈ‘ بتایا تھا
اور اس نے امریکہ سے کہا تھا کہ وہ مسلم قیدیوں کو رہا کرے۔ امریکہ نے ان کے
مطالبات مسترد کر دیئے تھے۔

سنیچر کو ان کی رہائی کی ڈیڈلائن ختم ہونے کے بعد اتوار کو جاری ویڈیو میں ان صحافیوں کو لکھے ہوئے بیان کو پڑھتے دکھایا گیا ہے۔ اس بیان میں ان صحافیوں نے عراق اور افغانستان میں مغربی دخل اندازی کی مذمت کی۔

اس سے قبل جاری ایک ویڈیو میں ان صحافیوں نے کہا تھا کہ ان کے ساتھ مناسب سلوک کیا جا رہا ہے اور وہ ٹھیک ہیں۔

گزشتہ دو برسوں میں غزہ میں متعدد لوگوں کو اغوا کیا گیا لیکن انہیں نقصان پہنچائے بغیر رہا کر دیا گیا ۔