Sunday, 27 August, 2006, 11:23 GMT 16:23 PST
امریکہ نے اشارہ دیا ہے کہ وہ جوہری ٹیکنا لوجی کا حصول جاری رکھنے کےایران کے فیصلے کا معاملہ سکیورٹی کونسل کے آئندہ اجلاس میں اٹھائے گا۔
وائٹ ہاؤس کا یہ بیان ایرانی صدر کے ایک نیوکلیئر پلانٹ کا افتتاح کرنے کے بعد آیا ہے۔
ایران کا کہنا ہے کہ وہ جوہری توانائی پر کام روکنے کے مغربی ممالک کے دباؤ کے باوجود اپنا پروگرام جاری رکھےگا۔ سکیورٹی کونسل نےایران کو جوہری پروگرام 31 اگست تک بند کرنے یا سخت پابندیوں کا سامنا کرنے کو کہا ہے۔
سرکاری ریڈیو نے ایران کے مذاکرات کار لاری جانی کے حوالے سے بتایا کہ ان کا
مقصدصرف جوہری ایندھن تیار کرنا ہے۔
سنیچر کو ایرانی صدر نے اراک میں بھاری پانی سے متعلق ری ایکٹر کے نئے مرحلے کا افتتاح کیا۔
انہوں نے کہا کہ ایران اپنا جوہری پروگرام ختم نہیں کرے گا لیکن انہوں نے اس بات کو دہرایا کہ ایران کا مقصد جوہری ہتھیار بنانا نہیں ہے۔
ایرانی صدر نے کہا ’ ہم کسی کے لیئے بھی خطرہ نہیں ہیں۔ یہودیوں کے لیئے بھی نہیں جو اس خطے کے عوام کے دشمن ہیں۔‘
یورینیم کی افزودگی روکنے کے بدلے اقوام متحدہ کے ذریعہ دیئے جانے والے پیکج کی پیشکش کے بعد ایران نے سنجیدہ گفتگو کرنے کی بات کی تھی۔
روس اور چین نے یہ کہا ہے کہ مسئلہ کا حل بات چیت کے ذریعہ ہی ممکن ہے۔