Friday, 25 August, 2006, 11:36 GMT 16:36 PST
روس کے وزیر دفاع سرگئی ایوانو نے ان اسرائیلی الزامات کو رد کر دیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ روس نے حزب اللہ کو جدید اسلحہ فراہم کیا ہے۔
پچھلے ہفتے اسرائیلی اہلکاروں نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کے پاس ثبوت ہے کہ شام کی فوج نے حزب اللہ کو ٹینک شکن روسی ہتھیار پہنچائے ہیں۔
روسی وزیر دفاع نے اس الزام کو بالکل بکواس قرار دیا ہے اور ان کا کہنا ہے کہ جو ہتھیار حزب اللہ والے استعمال کر رہے ہیں وہ جدید نہیں ہیں۔
مسٹر ایوانو نے ایران کے مسئلے کے بارے میں کہا کہ ان کا خیال ہے کہ اس وقت ایران پر اس کے جوہری پروگرام کی وجہ سے پابندیاں لگانے کی باتیں قبل از وقت بھی ہیں اور غیر مثبت بھی۔
وزیر کے مطابق روس ایران کے مسئلے کے حل کے لیئے مذاکرات کے ذریعے کام جاری رکھے گا۔
ایران کواپنا جوہری پروگرام محدود کرنے کے جواز سے پچھلے دنوں ایک امدادی پیکج کی پیشکش کی گئی تھی اور امریکہ اس سلسلے میں ایرانی جواب پر ناخوش ہے۔ امریکہ کا کہنا ہے کہ ایران کی جوابی پیشکش سلامتی کونسل کے مطالبات پر پوری نہیں اترتی۔