http://bbc.com.im/urdu/

Thursday, 24 August, 2006, 07:50 GMT 12:50 PST

افغانستان:7مشتبہ شدت پسند ہلاک

افغانستان میں اتحادی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے جمعرات کی صبح ایک چھاپے میں القاعدہ کے سات مشتبہ کارکنوں کو ہلاک کر دیا ہے۔

اس کارروائی کے دوران ایک بچہ اور ایک خاتون بھی ہلاک ہوئے ہیں۔

امریکی فوج کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ ’جب اتحادی اور افغان افواج نے کنڑ کے قریب ایک گاؤں میں ایک مکان پر چھاپا مارا تو ان پر فائرنگ شروع ہو گئی۔‘

 بیان میں کہا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں ایک بچہ شامل تھا جس کی عمر دس اور بارہ سال کے درمیان تھی۔
 

بیان کے مطابق یہ ہلاکتیں جوابی فائرنگ میں ہوئیں کیونکہ بقول اس امریکی بیان کے ’القاعدہ کے جنگجؤوں نے اپنی غیر قانونی اور غیر اخلاقی کارروائیوں کو بچانے کے لیئے بچوں اور خواتین کو سامنے رکھا ہوا تھا۔‘

بیان میں کہا گیا ہے کہ اس کارروائی میں ہلاک ہونے والوں میں ایک بچہ بھی شامل ہے جس کی عمر دس اور بارہ سال کے درمیان تھی۔

اس چھاپے میں چار افراد کو حراست میں بھی لیا گیا ہے۔ اتحادی اور افعان افواج کا کوئی اہلکار ہلاک یا زخمی نہیں ہوا۔

افغانستان کی شمال مشرقی سرحد کے قریب واقع کنڑ کے علاقے میں طالبان اور حکومت مخالف جنگی سردار گلبدین حکمت یار کے حامی سرگرم ہیں۔

گزشتہ ہفتوں میں مزاحمت کاروں کی کارروائیوں میں تیزی آئی ہے اور مبصرین کے مطابق یہ پانچ سال پہلے طالبان حکومت کے خاتمے کے بعد سے افغانستان میں سب سے زیادہ پرتشدد دور ہے۔