http://bbc.com.im/urdu/

Wednesday, 23 August, 2006, 12:32 GMT 17:32 PST

اسرائیل پر جنگی جرائم کا الزام

ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اسرائیل پر الزام لگایا ہے کہ وہ لبنان میں شہری آبادی پر حملے کر کے جنگی جرائم کا مرتکب ہوا ہے۔

انسانی حقوق کے ادارے ایمنٹسی انٹرنیشنل نے کہا کہ لبنان میں گھروں، پلوں ، تیل اور پانی کے پلانٹ کو نشانہ بنانا اسرائیل کی جنگی حکمت عملی کا حصہ تھا۔

ایمنسٹی انٹرنشنل نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس بات کی تحقیق کرے کہ کیا اسرائیل اور حزب اللہ نے انسانی حقوق سے متعلق قوانین کی خلاف ورزی کی ہے۔

اسرائیل کا کہنا ہے کہ اس نےلبنان کے بنیادی ڈھانچے کو جان بوجھ کر نقصان نہیں پہنچایا ہے۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اسرائیل پر جنگی جرائم کا الزام چونتیس روز تک جاری رہنے والی جنگ کے دوران اسرائیلی حملوں اور اسرائیلی حکام کے بیانات کو مد نظر رکھ کر عائد کیا ہے۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اپنی رپورٹ میں اسرائیل فضائیہ اور بری فوج کے لبنان کے ان علاقوں پر حملوں کی تفصیلات شائع کی ہیں جہاں بظاہر حملہ کرنے کی کوئی وجہ نہیں تھی۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل نےاسرائیل کے چیف آف سٹاف کےاس بیان کا بھی حوالہ دیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ لبنان میں کوئی چیز بھی محفوظ نہیں ہے۔

اسرائیل کے ترجمان مارک ریگیو نےکہا اسرائیل نے جنگ کے مروجہ اصولوں سے تجاوز نہیں کیا ہے جبکہ حزب اللہ نے جان بوجھ کر شہری آبادیوں کو نشانہ بنایا تھا۔

اسرائیل کے ترجمان نے کہا کہ لبنان کے بنیادی ڈھانچے کو صرف اس وقت نشانہ بنایا گیا جب اس کو حزب اللہ استعمال کر رہا تھا۔

ایمنٹسی انٹرنیشنل کی ایگزیکٹو ڈپٹی سیکرٹری گیٹ گلمور نے کہا ہے کہ اسرائیلی موقف بالکل غلط ہے اور اسرائیل کے لبنان پر کئی حملے جنگی جرائم کے زمرے میں آتے ہیں۔

ایمنٹسی انٹرنشنل نے کہا ہے کہ وہ اسرائیل پر حزب اللہ کے حملوں کا جائزہ الگ رپورٹ میں لے گا۔