Monday, 21 August, 2006, 15:58 GMT 20:58 PST
برطانیہ سے امریکہ جانے والے طیاروں کو تباہ کرنے کے مبینہ منصوبے میں گیارہ ملزمان پر فرد جرم عائد کر دی گئی ہے۔
یہ بات برطانوی پولیس نے پیر کی دو پہر ایک اخباری کانفرنس میں بتائی ہے۔
ان گیارہ میں سے آٹھ افراد پر اقدام قتل اور دہشت گردی کی تیاری کرنے کا الزام ہے جبکہ دو پر حکام کو متعلقہ معلومات ظاہر نہ کرنے کا الزام ہے۔
ایک سترہ سالہ ملزم پر دہشتگردی میں استعمال کی جانے والی اشیا رکھنے کا الزام ہے۔
ایک خاتون کو بغیر فرد جرم عائد کیے رہا کر دیا گیا ہے جبکہ مزید گیارہ افراد ابھی بھی ان کی حراست میں ہیں۔
پولیس کے سینیئر اہلکار پیٹر کلارک نے کہا کہ ’اب ہم اپنی تفتیش کی آپ کو کچھ تفصیل بتانے کی پوزیشن میں ہیں۔‘ انہوں نے بتایا کہ اب تک اس سلسلے میں 69 مقامات کی تلاشی لی گئی ہے، چار سو سے زیادہ کمپیوٹرز، دو سو سے زیادہ موبائل فون اور آٹھ ہزار سے زیادہ ڈسک،ڈّی وی ڈی وغیرہ کو قبضے میں لیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ان کے قبضے میں ممکنہ ’خودکش حملہ آوروں‘ کے ویڈیو پیغامات اور بم تیار کرنے کا سامان بھی ہے۔ پولیس اہلکار کے مطابق یہ ایک وسیع تفتیش ہے اور ابھی جاری ہے لیکن ’دہشتگردوں سے خطرہ ایک حقیقت ہے۔‘