http://bbc.com.im/urdu/

Sunday, 20 August, 2006, 00:27 GMT 05:27 PST

اسرائیلی حملہ خلاف ورزی:عنان

اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل کوفی عنان نے کہا ہے کہ اسرائیلی حملہ عارضی جنگ بندی کے لیئے سکیورٹی کونسل کی قرارداد کی خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ انہیں سنیچر کی صبح مشرقی لبنان میں ہونے والی اسرائیلی کمانڈوز کی کارروائی پر گہری تشویش ہے کیونکہ اس سے سلامتی کونسل کی اس قرارداد کی خلاف ورزی ہوئی ہے جس کے نتیجے میں اسرائیل اور حزب اللہ کے چھاپہ ماروں کے درمیان تقریباً پانچ ہفتے سے جاری جنگ رکی۔

اسرائیلی حملہ اور لبنانی وزیراعظم کا ردِعمل
خصوصی ضمیمہ: مشرق وسطیٰ بحران
انہوں نے کہا کہ انہوں نے اس سلسلے میں اسرائیلی حکام سے بات کی ہے۔

اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل کا کہنا ہے کہ تمام خلاف ورزیوں سے جنگ بندی کے ختم ہونے کا خطرہ پیدا ہوتا ہے اور لبنانی حکومت کی حکمرانی مخدوش ہوتی ہے۔
bvdhYy
لبنان کے شہر بعلبک کے مغربی حصے بدائی میں یہ گڑھا اسرائیلی بمباری سے بنا ہے

دریں اثنا لبنان کے وزیر دفاع الیاس المر نے کہا ہے کہ وہ لبنانی کابینہ کو یہ مشورہ دینے پر غور کریں گے کہ وہ اس وقت تک جنوبی لبنان میں فوجی کی تعیناتی معطل کر دے جب تک اسرائیلی حملہ کے بارے میں اقوام متحدہ کا واضح ردِعمل سامنے نہیں آتا۔

اس سے پہلے لبنان کے وزیر اعظم فواد سینیورا نے کہا تھا کہ اسرائیل کا حملہ اقوام متحدہ کے تحت کی گئی جنگ بندی کی قرارداد کی’صریحاً خلاف ورزی‘ ہے۔

اسرائیل کے فوجی کمانڈوز سنیچر کو صبح سویرے لبنان میں پر حملہ کیا تھا جس میں اس کا ایک فوجی ہلاک جبکہ دو زخمی ہوئے ہیں اور اسرائیل کا کہنا تھا کہ ’یہ کارروائی حزب اللہ کو ایران اور شام سے اسلحہ کی منتقلی روکنے کے لیئے کی گئی ہے‘۔