Thursday, 17 August, 2006, 08:05 GMT 13:05 PST
افغانستان میں امریکی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے بدھ کو ملک کے مشرقی حصے میں آٹھ شدت پسندوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
امریکی فوج کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ کنہڑ صوبے میں مزاحمت کاروں نے امریکی فوج دستے پرحملہ کیا تو انہیں جوابی فائرنگ کرنی پڑی۔
بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ مزاحمت کاروں کے ساتھ جھڑپ کا یہ واقعہ کنہڑ صوبے کے اسد آباد ضلع میں پیش آیا۔ افغانستان کے شمال مشرقی سرحدی علاقے کنہڑ میں طالبان اور حکومت مخالف جنگی سردار گلبدین حکمت یار کے حامی کافی سرگرم ہیں۔
دریں اثناء افغانستان میں مسلح افراد نے صوبہ قندھار میں پندرہ افغان طبی کارکنوں کو اغوا کر لیا ہے۔افغان حکام کے مطابق یہ طبی کارکن افغانستان کے جنوب میں پناہ گزینوں کے ایک کیمپ کی جانب سفر کر رہے تھے کہ نامعلوم افراد نے ان کی بس کو اغوا کر لیا۔
ایک اور واقعے میں ملک کے جنوبی حصے میں ایک مشتبہ خودکش بمبار نے کابل اور قندھار سڑک پر اپنی گاڑی امریکی فوجی قافلے سے ٹکرا دی جس کے نتیجے میں ایک امریکی فوجی زخمی ہو گیا۔ اس حملے میں حملہ آور بھی مارا گیا۔
امریکی فوج نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ مئی میں قندھار کے ایک گاؤں میں امریکی بمباری میں ہلاک ہونے والے سترہ افراد کے اہل خانہ کو معاوضے کے طور پر نوے ہزار ڈالر دیئے جائیں گے۔ تاہم فوج کا کہنا تھا کہ اس گاؤں میں امدای کارکنوں کو داخلے کی اجازت کے بعد ہی مدد فراہم کی جاسکے گی۔