Sunday, 13 August, 2006, 06:26 GMT 11:26 PST
فرانسیسی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ لبنان میں تعینات کی جانے والی اقوام متحدہ کی مجوزہ فوج کا مقصد حزب اللہ کو غیر مسلح کرنا نہیں ہے۔
دوسری جانب آسٹریلیا کے وزیر اعظم جان ہاورڈ نے کہا ہے کہ لبنان کے تنازع کے لیئے منظور کی جانے والی قرار داد کے مؤثر ہونے کے لیئے ضروری ہے کہ حزب اللہ کو غیر مسلح کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سکیورٹی کونسل کی قرارداد میں اس بارے میں واضح شق موجود نہیں ہے۔
فرانس اور اٹلی کے فوجی پہلے ہی لبنان میں موجود ہیں اور اب انہوں نے تصدیق کردی ہے کہ وہ لبنان میں تعینات کی جانے والی نئی امن فوج میں اہم کردار ادا کرنے کے لیئے تیار ہیں۔
اقوام متحدہ کی قرارداد 1701 کی رو سے لبنان کے جنوب میں 15 ہزار فوجیوں پر مشتمل امن فوج تعینات کی جائے گی جو سیز فائر کروانے اور علاقے میں لبنانی فوج کا کنٹرول سنبھالنے میں اس کی مدد کرے گی۔
ان دو ممالک کے علاوہ جو ممالک اپنے فوجی لبنان بھیجنے پر غور کررہے ہیں ان میں ترکی، نیوزی لینڈ اور ملائیشیا شامل ہیں۔