http://bbc.com.im/urdu/

Saturday, 12 August, 2006, 14:40 GMT 19:40 PST

امریکی: 26 عراقی ہلاک کیئے گئے

عراق میں موجود امریکی فوجیوں نے کہا ہے کہ انہیں نے رمادی میں ایک کارروائی کے دوران 26 عراقی مزاحمت کاروں کو ہلاک کر دیا ہے۔

رمادی دارالحکومت بغداد کے مغرب میں واقع ہے۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اس کارروائی میں چھ عراقی مزاحمت کار زخمی بھی ہوئے ہیں۔

امریکی فوجی ذرائع کا کہنا ہے کہ جمعہ کو کی جانے والی اس کارروائی میں کوئی امریکی فوجی ہلاک نہیں ہوا۔ رمادی کو سنیوں کا ایک مضبوط گڑھ سمجھا جاتا ہے۔

ایک اور واقعے میں امریکی فوجیوں نے دارالحکومت بغداد میں ایک تدفین کے موقع پر کارروائی کی اور ساٹھ عراقیوں کو حالیہ بمباری اور مقامی القاعدہ سے تعلق کے شک میں گرفتار کر لیا۔

کہا جاتا ہے کہ ان لوگوں کو جنوبی بغداد کے سنی علاقے میں نظر بند کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ بغداد میں سّک کے کنارے نصب ایک بم پھٹنے کے نتیجے میں بارہ افراد زخمی ہو گئے۔

اس دوران جنوبی عراقی شہر بصرہ سے ایک بم دھماکے میں دو افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔

بغداد میں آئے دن کے حملوں کی وجہ سے امریکی فوجیوں کی تعداد میں مزید کئی ہزار کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔