Saturday, 12 August, 2006, 02:00 GMT 07:00 PST
برطانوی پولیس نے ہوائی جہازوں کو دوران پرواز تباہ کرنے کے منصوبہ کے ایک مشتبہ فرد کو گرفتاری کے چوبیس گھنٹے بعد رہا کر دیا ہے۔
برطانوی پولیس نےجمعہ کی رات کو ایک شخص کو بغیر کسی الزام کے رہا کر دیا۔پولیس نے چوبیس افراد کو حراست میں لیا تھا اورایک شخص کی رہائی کے بعد اب بھی تیئس لوگ پولیس کی حراست میں ہیں۔
ادھر، برطانوی وزیر داخلہ جون ریڈ نے کہا کہ طیاروں کو تباہ کرنے کے مبینہ منصوبے کو ناکام بنانے کے بعد بھی ملک میں حفاظتی انتظامات کو ’انتہائی بلند‘ درجے پر رکھا جائےگا۔
لندن میں اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جون ریڈ نے بھی تحقیقات میں مدد کرنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا ہے لیکن جون ریڈ نے اس بات پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا کہ دہشتگردی کا یہ مبینہ منصوبہ ایک خاص وقت میں منظر عام پر کیوں لایا گیا ہے۔
اس سے قبل جمعہ کی رات تک برطانیہ کے سکیورٹی اداروں نے ایک بڑے آپریشن کے بعد چوبیس افراد کو گرفتار کیا تھا۔ بینک آف انگلینڈ نےان میں سے انیس افراد کے نام جاری کر دیئے جن کے اثاثے منجمد کیئے گئے ہیں۔گرفتار کیے جانےوالوں کی عمریں اٹھارہ سے چھتیس سال کے درمیان ہیں۔
برطانوی وزیرداخلہ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ دہشتگردی سے تمام لوگوں کو بلا امتیاز مذہب و نسل، برابر کا خطرہ ہے کیونکہ دہشتگرد کسی کو عمر، جنس یا نسل کی بنیاد پر نشانہ نہیں بناتے۔ جون ریڈ کا کہنا تھا کہ حکام کچھ عرصے سے طیاروں کو تباہ کرنے کی منصوبہ بندی پر نظر رکھے ہوئے تھے تاہم اس کے خلاف فوری کارروائی کی ضرورت چھاپوں اورگرفتاریوں سے چوبیس گھنٹے پہلے پیش آئی۔