http://bbc.com.im/urdu/

Saturday, 12 August, 2006, 19:26 GMT 00:26 PST

شدید جنگ میں سات اسرائیلی فوجی ہلاک

اسرائیلی فوج اور حزب اللہ کی جنگ میں سنیچر کے روز سات اسرایئلی فوجویوں کے مارے جانے کی اطلاعات ہیں۔

خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق گیارہ سے زیادہ زخمی اسرائیلی فوجیوں کو لبنان سے واپس لا کر اسرائیل کے ہسپتال میں داخل کرا یا گیا ہے۔ اس طرح سے اب تک اسرائیل نے ساٹھ سے زیادہ زخمی فوجیوں کو لبنان سے واپس لاکر ہسپتال میں داخل کرا یا ہے۔

اسرائیلی افواج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اس کے دو فوجی اپنے ہی ٹینکوں سے کچل کر مارے گئے۔

بیروت سے ہمارے نامہ نگار وسعت اللہ خان کا کہنا ہے کہ سنیچر کے روز کی اسرائیلی فوج کی گزشتہ تیس برسوں میں سب سے بڑی کارروائی ہوئی ہے۔ جنوبی لبنان میں اسرائیل کے تیس ہزار فوجی جنگ میں شامل ہیں۔ اس روز پچاس ہیلی کاپٹروں کے ذریعہ اسرائیلی فوجیوں کو لبنان میں اتارا گیا۔

ہمارے نامہ مگار کے مطابق حزب اللہ کے رہنما حسن نصراللہ نے ٹی وی پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ وہ جنگ بندی کے قرارداد کو منظور کرینگے تاہم انہوں نے کہا کہ حزب اللہ اسرائیلی فوج کے ذریعہ کسی بھی طرح کا فائدہ اٹھانے یا حملہ کرنے کی صورت میں جوابی کارروائی کرنے کا حق محفوظ رکھتی ہے۔

ادھر اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ اتوار کے روز اسرائیلی پارلیمان جنگ بندی سے متعلق قراردار کو منظور کرے گی۔