http://bbc.com.im/urdu/

Friday, 11 August, 2006, 23:17 GMT 04:17 PST

جنگ بندی کی قرارداد منظور

لبنان میں فوری جنگ بندی کے لیے سکیورٹی کونسل میں پیش کی جانی والی قرارداد کو اتفاق رائے سے منظور کر لیا گیا ہے۔ قرار داد پر عملدرآمد میں چند دن لگ سکتے ہیں۔

قرار داد میں مکمل جنگ بندی کی بات کی گئی ہے جس کے تحت لبنانی فوج حزب اللہ کے گڑھ جنوبی لبنان میں تعینات کی جائے گی اور لبنان میں موجود عالمی امن فوج کی مدد کے لیے پندرہ ہزار مزید فوجی لبنان جائیں گے۔

سکیورٹی کونسل کی قرار داد کے خاص نکات میں اسرائیل کو لبنان سے اپنی فوجیوں واپس بلانی ہوں گی۔

لبنانی فوج اسرائیل کی سرحد کے ساتھ حزب اللہ کے مضبوط گڑھ میں تعینات کی جائے گی اور حزب اللہ کو دریائے لیطانی کے شمال میں جانا ہو گا۔

قرار داد کے خاص نکات
 حزب اللہ ملیشیا کو دریائے لیطانے کے شمال میں جانا ہو گا۔لبنانی فوج اسرائیلی سرحد کے ساتھ تعینات کی جائے گی۔حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے اور شیبا فارم سمیت تمام تنازعوں کو حل کی منصوبہ کی جائے گی۔
 

لبنان کے مسئلے کا پائیدار حل تلاش کرنے کے لیے شیبا فارم سمیت تمام سرحدی تنازعوں کو طے کی منصوبہ بندی کی جائے گی۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کوفی عنان نےاس بات پر سخت مایوسی کا اظہار کیا کہ اقوام متحدہ نے اس مقام تک پہنچنے کےلیۓ اتنا وقت کیوں لیا۔ انہوں نے کہا اقوام متحدہ جلد از جلد اقدام کرنے میں جس طرح ناکام رہی اس کی وجہ سے اقوام متحدہ کے اختیار پر دنیا کا اعتبار اٹھ گیا ہے۔

امریکی وزیر خارجہ کونڈولیزا رائس نے کہا کہ یہ قرارداد ایسے پائیدار امن کا راستہ صاف کرے گی جس میں ایک نیا اور مضبوط لبنان ابھر سکے گا۔

فرانس کے وزیر خارجہ اقوام متحدہ کی قرار کو تاریخی موقع قرار دیا۔

اسرائیل کا کہنا ہے کہ اس نے قرار داد کو مان لیا ہے اور کابینہ کی توثیق کے بعد لبنان میں اسرائیلی فوجی کارروائی رک جائے گی۔اسرائیلی کابینہ کی توثیق اتوار تک متوقع ہے۔

جمعہ کے روز لڑائی کے دوران اسرائیلی فضائیہ نے وادی بقا میں گاڑیوں کے ایک قافلے پر بمباری کی جس سے کم از کم چھ لوگ ہلاک ہو گئے۔ اس قافلے میں سینکڑوں گاڑیاں تھیں جن میں لوگ جنوبی لبنان سے نکلنے کی کوشش کر رہے تھے۔

حزب اللہ نے جعمہ کے روز بھی اسرائیل پر راکٹ داغنے کا سلسلہ جاری رکھا اور اطلاعات کے مطابق سو سے زیادہ راکٹ فائر کیے۔

حزب اللہ کے ٹیلیوژن المنار نے کہا ہے کہ حزب اللہ نے اسرائیل کی جنگی کشتی کو ڈبو دیا ہے لیکن اسرائیل نے اس کی تردید کی ہے۔

گاڑیوں پراسرائیلی فضائیہ کے حملے میں ہلاک ہونے والے چھ افراد ان بارہ لبنانی شہری کے علاوہ ہیں جو جمعہ کی الصبح اسرائیل کے حملوں میں ہلاک ہوئے تھے۔

تفصیلات کے مطابق شامی سرحد سے متصل لبنانی علاقے کر میں ایک پل پر اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں گیارہ شہری ہلاک اور تیرہ زخمی ہو گئے ہیں۔