Thursday, 10 August, 2006, 14:12 GMT 19:12 PST
برطانیہ کے ہوائی اڈوں سے طیاروں پر مبینہ ناکام دہشت گرد حملوں کی خبر کے پیش نظر امریکہ نے تمام پروازوں پر چوکسی کی سطح بڑھا دی ہے۔
برطانیہ سے امریکہ آنے والی پروازوں پر اب ’ریڈ الرٹ‘ ہے جو کہ چوکسی کی انتہائی سطح ہے۔ امریکہ کی اندرون ملک تمام پروازوں پر ’اورنج الرٹ‘ ہے جو کہ اس سے صرف ایک درجہ کم ہے۔
امریکہ میں داخلی سلامتی کے وزیر مائکل چرٹکاف نے کہا ہے کہ امریکہ اور برطانیہ کے درمیان پروازوں پر ہوائی سکیورٹی کے مزید گارڈ یعنی ’ائر مارشل‘ تعینات کیے جائیں گے۔
چرٹکاف کا کہنا تھا کہ حملہ آوروں کا ارادہ تھا کہ کئی مختلف طیاروں پر ایک ہی وقت دھماکے کیے جاتے۔
امریکہ کے قومی تفتیشی ادارے ’ایف بی آئی‘ کے سربراہ نے بھی کہا ہے کہ ’اس میں اور القاعدہ کے منصوبوں میں کئی پہلو مشترک ہیں۔‘
ادھر وائٹ ہاؤس کے ترجمان ٹونی سنو نے کہا ہے کہ امریکہ آنے والی پروازوں پر حملے کے اس منصوبے میں امریکہ کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ ’ہمارا خیال ہے کہ یہ واضح طور پر امریکہ کے لیے خطرہ تھا۔‘
ترجمان کے مطابق امریکی صدر جارج بش کو حالات کے بارے میں پوری طرح مطلع کر دیا گیا ہے اور اس سکیورٹی آپریشن کے بارے میں انہیں کئی روز سے معلوم ہے۔ صدر بش اس وقت ٹیکساس میں اپنی رینچ پر چھٹی گزار رہے ہیں۔
ادھر برطانیہ کے ہوائی اڈوں کے علاوہ یورپی ہوائی اڈے بھی جمعرات کے واقعات سے متاثر ہوئے ہیں۔
اٹلی کی وزارت خارجہ نے اپنے شہریوں کومشورہ دیا ہے کہ وہ اگلے دو روز تک برطانیہ کے ہوائی اڈوں سے سفر سے گریز کریں۔