Thursday, 10 August, 2006, 18:46 GMT 23:46 PST
پاکستان دفتر خارجہ کی ترجمان نے کہا ہے کہ برطانیہ میں طیاروں کو دورانِ پرواز دھماکے سے اڑانے کی سازش کو پاکستان کی سکیورٹی اداروں کی مدد سے بے نقاب کیا گیا ہے۔
پاکستان کی وزارت خارجہ کی ترجمان تسلیم اسلم نے کہا کہ پاکستان کے سکیورٹی اداروں نے ملزمان کی گرفتاری میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ترجمان کے مطابق امریکہ، برطانیہ اور پاکستان کے انٹیلیجنس اہلکاروں نے اس تفتیش میں ساتھ کام کیا۔
تاہم وزارت خارجہ کی ترجمان نے ان گرفتاریوں کے بارے میں کوئی اور تفصیل نہیں بتائی۔
خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق پاکستان سکیورٹی حکام کے اہلکار نے بتایا کہ پاکستان افغان سرحد گرفتار ہونےوالے شخص نے اس منصوبے کی اہم معلومات سے پردہ اٹھایا ہے۔
صبح چھ بجے کے قریب برطانوی حکام نے بتایا تھا کہ برطانیہ سے امریکی جانے والی پروازوں کے ایک بڑے دہشت گرد منصوبے کو انہوں نے نا کام بنادیا ہے۔
پولیس نے 21 افراد کو لندن، ہائی وکم اور برمنگھم سے گرفتار کیا ہے۔ ان افراد کی ابھی شناخت نہیں کی گئی ہے۔
برطانوی پولیس نے لندن اور دوسرے علاقوں میں کئی گھروں اور کاروباری مقامات پر چھاپے مارے ہیں۔
برطانوی پولیس نے جمعرات کی صبح ایک بڑے دہشت گرد منصوبے کو ناکام بنانے کا اعلان کیا تھا۔ اس کےبعد برطانوی ہوائی اڈوں پر سکیورٹی میں اضافہ کیا گیا اور درجنوں پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں ان کا ایک خفیہ آپریشن کئی ماہ سے جاری تھا۔