http://bbc.com.im/urdu/

حاملہ خواتین کے لیئے خصوصی علامت

ٹوکیو میں ریلوے کمپنیاں حاملہ خواتین کو خصوصی بیجز دے رہی ہیں تاکہ ریل میں سوار دیگر مسافروں کومعلوم ہوسکے کہ وہ حاملہ ہیں اور وہ ان کے لیئے نشست خالی کرسکیں۔

ٹوکیو کی کھچا کھچ بھری ٹرینوں پر ایسی کئی خواتین کو کھڑے ہو کر سفر کرنا پڑتا ہے۔

گلابی اور نیلے رنگ کے ان بیجز پر لکھا ہے کہ ’میرے پیٹ میں بچہ ہے‘۔

جاپانی شعبہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ کچھ لوگوں کو معلوم نہیں ہوتا کہ آیا ایک خاتون حاملہ ہے، خاص طور پر شروع کے چند ماہ کے دوران۔

جاپان میں آبادی میں تیزی سے کمی واقع ہورہی ہے جس پر حکام کافی پریشان ہیں اور اس کوشش میں ہیں کہ کس طرح دوران حمل کے وقت کو آسان بنایا جائے تاکہ بچے پیدا کرنے کی حوصلہ افزائی ہو۔

ریلوے کے حکام یہ بیج یکم اگست سے حاملہ خواتین میں بانٹ رہے ہیں۔ ایک خاتون یوشیکو کاتو کا کہنا ہے کہ ’جب میں تین ماہ سے حاملہ تھی تو ٹرین پر کسی کو معلوم نہیں ہوتا تھا کہ میں امید سے ہوں اور میں کسی سے سیٹ مانگ بھی نہیں سکتی تھی‘۔

جون میں جاپان میں حاملہ خواتین کی تعداد میں ریکارڈ کمی نوٹ کی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ کم ہوتی ہوئی آبادی کا معیشت پر منفی اثر ہوگا۔ یہی وجہ ہے کہ حکومت نےخواتین میں بچے پیدا کرنے کے رجحان کی حوصلہ افزائی کے لیئے کئی اقدامات کیئے ہیں جن میں خصوصی چائلڈ کیئر، ملازمت کے لیئے بہتر حالات اور ماحول، حتٰی کہ سپیڈ ڈیٹنگ بھی شامل ہے۔