http://bbc.com.im/urdu/

Sunday, 06 August, 2006, 06:34 GMT 11:34 PST

فلسطینی سپیکر اسرائیلی قبضے میں

اسرائیلی افواج نے غرب اردن میں ایک حملے کے دوران فلسطینی پارلیمان کے سپیکر کو ان کے گھر سے حراست میں لے لیا ہے۔

20 گاڑیوں پر مشتمل اسرائیلی فوجیوں نے پہلے رملہ میں ان کے گھر کا محاصرہ کیا اور پھر عزیز دویک کو حراست میں لیا گیا۔ فلسطینی سپیکر عزیز دویک حماس کے رکن بھی ہیں۔

غزہ پر اسرائیلی حملے میں سات افراد ہلاک

فلسطینی ذرائع نے حراست کی تصدیق کی ہے جبکہ فلسطینی وزیر اعظم اسمٰعیل ہانیہ نے اس اقدام پر اسرائیل کی مذمت کی ہے۔

29 جون کو اسرائیل نے حماس کی حکومت کے 20 ارکان پارلیمان کو حراست میں لیا تھا۔

جون میں ایک اسرائیلی فوجی کو قیدی بنائے جانے کے بعد سے اب تک اسرائیلی کارروائیوں میں ڈیڑھ سو سے زائد فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔
غزہ
پچھلے مہینے اسرائیلی حملوں میں 35 سے زائد فلسطینی بچے ہلاک ہو چکے ہیں

گزشتہ ہفتے جمعرات کے روز اسرائیلی آپریشن میں ایک بچے سمیت سات فلسطینی ہلاک ہو گئے تھے جبکہ چھبیس لوگ زخمی ہوئے تھے۔ اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ پچھلے مہینے اسرائیل کے حملوں میں پینتیس سے زائد فلسطینی بچے ہلاک ہو چکے ہیں۔

جون میں حماس نےایک اسرائیلی فوجی گیلاد شالت کو قبضے میں لیا تھا۔ سنیچر کو ریڈ کراس نے حماس سے کہا تھا کہ انہیں شالت سے ملنے کی اجازت دی جائے تاہم حماس نے یہ کہہ کر یہ درخواست رد کردی کہ دس ہزار فلسطینی خاندانوں کو اسرائیلی حراست میں موجود اپنے رشتہ داروں سے ملنے نہیں دیا جاتا، ایسی صورت میں گیلاد شالت سے ملنے کی اجازت دینا ناممکن ہے۔