Sunday, 06 August, 2006, 09:10 GMT 14:10 PST
اردن میں ایک فوجی عدالت نے دو ارکان پارلیمان کو فرقہ واریت پھیلانے کے الزام میں قید کی سزا سنائی ہے۔
محمد ابو فارس اور علی ابو سکر نے عراق میں القاعدہ کے سابق سینئر ترین رہنما ابو معصب الزرقاوی کی موت پر اظہار افسوس کیا تھا۔
ابو مصعب الزرقاوی کو دو ماہ پہلے امریکی فوج نے فضائی حملے میں ہلاک کردیا تھا۔
ایک رکن پارلیمان کو دو سال قید کی سزا سنائی گئی ہے جبکہ دوسرے کو اٹھارہ ماہ کی۔ ایک تیسرے رکن پارلیمان جعفر الہارونی کو مقدمہ سے بری کردیا گیا ہے۔
ان تینوں افراد نے الزرقاوی کی ہلاکت کے بعد اردن میں مقیم ان کے ورثاء سے مل کر اظہار تعزیت کیا تھا جس پر کئی ممالک نے شدید اعتراض کیا تھا۔
امریکی فوج کا کہنا تھا کہ حملے کے وقت الزرقاوی اپنے ساتھیوں سے ملاقات میں مصروف تھے۔ اس حملے میں متعدد دیگر افراد بھی ہلاک ہوئے تھے۔
ابو مصعب الزرقاوی کی ہلاکت کو امریکی صدر، برطانوی وزیر اعظم اور کئی دوسرے رہنماؤں نے ایک اچھی خبر قرار دیا تھا۔
الزرقاوی کے سر کی قیمت پچیس ملین امریکی ڈالر رکھی گئی تھی اور امریکہ کو مطلوب دہشتگردوں کی فہرست میں ان کا نام بہت اوپر تھا۔