http://bbc.com.im/urdu/

Friday, 04 August, 2006, 23:38 GMT 04:38 PST

وسعت اللہ خان
بی بی سی بیروت

بیروت اور طائر پراسرائیلی حملے جاری

لبنان میں لڑائی جاری ہے اور اسرائیلی جنگی طیاروں نے ہفتے کی صبح بیروت شہر کے جنوبی حصے پر کئی حملے کیئے ہیں۔اسرائیلی ’اپاچی‘ ہیلی کاپٹروں نے بھی لبنان کے شمالی شہر طائر کے گرد و نواح میں میزائل پھینکنے کے علاوہ مشین گنوں سے شدید فائرنگ کی ہے۔

بعض اطلاعات کے مطابق اسرائیل نے طائر کے قریب اپنے کمانڈو بھی اتارے ہیں جن کی حزب اللہ کے ساتھ جھڑپیں ہوئی ہیں۔

اس سے قبل جمعہ کے روز لبنان میں اڑتیس افراد ہلاک ہوئے جبکہ اسرائیل میں تین شہری مارے گئے۔ اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ بیروت کے شمال میں اہم شاہراہ پر پلوں کی تباہی سے امدادی سامان کی ترسیل شدید متاثر ہوگی۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کوفی عنان نے سلامتی کونسل میں لڑائی رکوانے کے لیئے قرارداد میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

مشرقِ وسطیٰ پر خصوصی ضمیمہ
مزید لبنانی شہروں پر اسرائیلی حملے
مشرقِ وسطٰی میں تباہی کی تصاویر
لبنان پر تازہ حملے

جمعہ کے روز بیروت پر اسرائیل حملوں کے بعد حزب اللہ تل ابیب کو تو نشانہ نہیں بنا پائے لیکن پورے دن میں حزب اللہ نے دو سو راکٹ فائر کیئے۔ ان میں سے ایک تل ابیب سے چالیس کلومیٹر کے فاصلے پر حدیرہ کے مقام پر گرا ہے جس سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ایک موقع پر شمالی اسرائیل پر پینتالیس منٹ میں تیس راکٹ گرے۔

حدیرہ میں گرنے والے راکٹ کے سلسلے میں اہم بات یہ ہے کہ یہ راکٹ جنوبی لبنان سے فائر کیا گیا اور اسرائیل میں اسّی کلومیٹر تک اندر گیا۔اسرائیلی انتظامیہ خاص طور پر تل ابیب کی انتظامیہ نے پندرہ لاکھ کی آبادی کو معلومات فراہم کی ہیں کہ میزائیل کے حملے کی صورت میں کیا کرنا ہے اور کیسے محفوظ مقام تک پہنچنا ہے۔ اس کے علاوہ میزائیل شکن نظام پیٹریات کی بیٹریاں بھی تل ابیب کے مضافات میں لگا دی گئی ہیں۔

تین اسرائیل شہری ان راکٹوں کا نشانہ بنے ہیں جبکہ دو مزید اسرائیلی فوجی جنوبی لبنان میں لڑتے ہوئے ہلاک ہوئے ہیں۔

جمعہ کے روز اسرائیل طیاروں نے ستّر سے لے کر ایک سو کے درمیان فضائی کارروائیاں کی ہیں اور ان حملوں میں کل اڑتیس کے قریب لبنانی شہری ہلاک ہوئے ہیں۔ ان میں سب سے زیادہ ہلاکتیں لبنان اور سوریا کی سرحد کے قریب ایک مقام قا میں ہوئیں جہاں اٹھائیس مزدور ہلاک اور بیس اس وقت زخمی ہوئے جب وہ ایک ٹرک پر سبزیاں لاد رہے تھے۔ اسرائیلیوں کا کہنا ہے کہ جاسوسی طیاروں کی مدد سے حاصل ہونے والی تصاویر کے مطابق یہ لوگ سوریا سے ملنے والا اسلحہ ٹرک میں لاد رہے تھے۔ اسرائیل نے کہا ہے کہ وہ اس واقعے کی تحقیقات کرے گا۔

جنوبی لبنان میں ایک گھر پر اسرائیلی فضائی حملے میں سات افراد ہلاک ہوئے جہاں کچھ لوگ پناہ لیئے ہوئے تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ اس واقعے میں دس افراد زخمی بھی ہوئے۔ پانچ لوگ اس وقت ہلاک ہوئے جب اسرائیل نے بیروت سے تریپولی جانے والی سڑک پر چار پُل تباہ کیئے۔

اقوام متحدہ
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کوفی عنان نے ٹیلی فون پر امریکہ اور فرانس کے صدور سے بات کر کے لبنان کے بارے میں سلامتی کونسل میں قرارداد کی منظوری میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ امریکہ اور فرانس قرارداد کے مسودے پر اپنے اختلافات کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جس کے ذریعے لبنان میں فائربندی کے بعد جنوبی لبنان میں بین الاقوامی فوج کی تعیناتی کی منظوری دی جائے گی۔

امریکہ کے نائب وزیر خارجہ ڈیوڈ ویلش بھی سنیچر کے روز بیروت پہنچ رہے ہیں جہاں وہ لبنان کے وزیر اعظم سے بھی ملاقات کریں گے۔