Tuesday, 01 August, 2006, 01:55 GMT 06:55 PST
لبنان میں پولیس نے بتایا ہے کہ اسرائیل کے جنگی طیاروں نے لبنان سے شام جانے والی سڑک کو پھر نشانہ بنایا ہے۔
منگل کی صبح کو ہونے والے ان حملوں میں لبنان اور شام کے درمیان قاحمس کی سڑک کو نشانہ بنایا گیا۔ یہ شام اور لبنان کے درمیان چار بڑے سرحدی راستوں میں سے ایک ہے اور منگل کو سویرے ہونے والے ان حملوں کے بعد اب سرحد عبور کرنے کے دو راستے بند ہو چکے ہیں۔
پچھلے تین روز میں اسرائیل کے مسلسل حملوں سے بیروت دمشق شاہراہ پہلے ہی بند ہو چکی ہے۔
اطلاعات کے مطابق شام کی سرحد سے نو میل دور واقع گاؤں حرمل پر بھی فضائی حملے کیے ہیں۔ یہ علاقہ حزب اللہ کا گڑھ سمجھا جاتا ہے۔
شام: فوج کو مکمل تیاری کی ہدایت
ادھر شام کے صدر بشر الاسد نے اپنے ملک کی فوج سے کہا ہے کہ وہ خطے کو درپیش صورت حال کے مد نظر اپنی پوری تیاری رکھیں۔ انہوں نے یہ پیغام فوج کو ملک کے یوم دفاع کے موقع پر بھیجا ہے۔
اب تک شام اس لڑائی سے باہر رہا ہے لیکن پچھلے ہفتے شام کے وزیر اطلاعات نے کہا تھا کہ اگر اسرائیلی فوج لبنان پر بری حملہ کر کے اس کی حدود میں داخل ہوئی تو یہ دمشق کی سلامتی کو خطرہ سمجھا جائے گا اور ان کے ملک کو اس صورت میں کچھ کرنا پڑے گا۔