Friday, 28 July, 2006, 12:23 GMT 17:23 PST
انڈونیشیا کے جزیرے بالی میں سن دو ہزار دو میں ہونے والے بم دھماکوں کے ملزمان کے وکیل نے کہا کہ وہ ان کے خلاف سنائی جانے والی سزائے موت کے خلاف اپیل کریں گے۔
وکیل صفائی محمد مہندرادتا نے کہا کہ اپیل بائیس اگست کو سزائے موت پر عملدرآمد کی مقررہ تاریخ سے پہلے دائر کی جائے گی۔ یہ واضح نہیں کہ اپیل دائر ہونے سے ممکنہ سزا میں کتنی تاخیر ہو گی۔
بالی میں بم دھماکوں کے بعد تین افراد امروزی، علی اور امام سمدرا کو سن دو ہزار تین میں سزائے موت سنائی گئی تھی۔ بم دھماکوں کے نتیجے میں دو سو دو افراد ہلاک ہوئے تھے۔
امروزی اور امام سمدرا نے اکتوبر دو ہزار پانچ میں کہا تھا کہ وہ معافی نہیں مانگیں گے اور اطلاعات کے مطابق انہوں نے استغاثہ سے کہا تھا کہ وہ سزائے موت کے لیئے تیار ہیں۔
وکیل صفائی کا کہنا ہے کہ وہ اس بنیاد پر اپیل کریں گے کہ کسی شخص کو کسی واقعے کے بعد میں بنائے جانے والے قانون کے تحت سزا نہیں سنائی جا سکتی۔