http://bbc.com.im/urdu/

Thursday, 27 July, 2006, 05:52 GMT 10:52 PST

دو جھڑپوں میں نو اسرائیلی ہلاک

اسرائیل نے حزب اللہ سے لڑائی کے دوران دو واقعات میں نو فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے۔

اسرائیلی فوجی حکام کے مطابق بنت جبیل میں حزب اللہ سے لڑائی میں اس کے آٹھ فوجی ہلاک اور بائیس زخمی ہوئے ہیں۔ یہ جھڑپ بدھ کی صبح ہوئی تھی تاہم اسرائیلی ذرائع نے ان ہلاکتوں کی تصدیق بدھ کی شام گئے کی۔

مشرق وسطیٰ بحران: ضمیمہ
ہر طرف تباہی ہی تباہی
اسرائیلی حملے، انسانی تباہی
لبنان، حملے، بحران اور انخلاء
اسرائیل کے خلاف عالمی احتجاج، تصاویر

اسرائیلی ذرائع سے تصدیق کے بعد یروشلم میں بی بی سی کے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ جب سے لبنان کی حالیہ جنگ شروع ہوئی ہے یہ کسی ایک واقعے میں اسرائیل کا سب سے بڑا جانی نقصان ہے۔ نامہ نگار کا کہنا ہے کہ اسرائیل بنت جبیل کی لڑائی کو بہت اہمیت دے رہا ہے۔

فوجی ذرائع نے بی بی سی کو بتایا کہ چند فوجی اس وقت ہلاک ہوئے جب اسرائیلی انفنٹری کے ایک دستے پر حملہ ہوا۔ تاہم اصل جانی نقصان امدادی کارراوئیاں کرنے والے فوجیوں پر حملے کے دوران ہوا۔

اسرائیل کا ایک اور فوجی مارون الراس نامی قصبے میں مارا گیا۔ اس قصبے پر اسرائیل نے اس ہفتے کے اوائل میں قبضہ کیا تھا۔

ادھر لبنان کے جنوبی شہر طایر میں ایک چھ منزلہ عمارت کو دھماکے سے اڑا دیا گیا جس سے چھ افراد زخمی ہوگئے۔ اطلاعات کے مطابق اس عمارت میں حزب اللہ کے مقامی رہنما کا گھر تھا تاہم دھماکے کے وقت یہ عمارت خالی تھی۔

بی بی سی کے نامہ نگاروں کے مطابق اسرائیل کو حزب اللہ کی جانب سے امید سے زیادہ مزاحمت کا سامنا ہے۔ ایک سینیئر اسرائیلی جنرل کا کہنا ہے کہ’ یہ لڑائی مزید کئی ہفتوں تک چل سکتی ہے‘۔

دو ہفتے قبل شروع ہونے والی اس لڑائی میں اب تک چار سو سے زیادہ لبنانی اور اکیاون اسرائیلی مارے جا چکے ہیں۔