Wednesday, 26 July, 2006, 16:51 GMT 21:51 PST
افغانستان میں اتحادی فوج کا کہنا ہے کہ گزشتہ دو دنوں میں مختلف جھڑپوں میں بائیس شدت پسند ہلاک ہو گئے ہیں۔
اتحادی فوج کے مطابق جنوبی صوبے ہلمند میں سات شدت پسندوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔
فوج کے مطابق یہ ساتوں شدت پسند گرم سیر ضلع میں منگل کو الگ الگ واقعات میں مارے گئے۔اتحادی فوج کا کہنا ہے کہ ان جھڑپوں کے دوران ان کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
پانچ سال پہلے طالبان کے نکالے جانے کے بعد افغانستان کے جنوبی حصے میں تشدد میں کافی اضافہ ہوا ہے۔
ادھر حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ جنوب مشرقی صوبے پکیتا میں ایک نامعلوم ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا۔ غیر مصدقہ اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ اس ہیلی کاپٹر پر چار افراد سوار تھے جو سب اس حاد ثے میں ہلاک ہو گئے۔ دفاعی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ ہیلی کاپٹر خوست سے قریباً پینتیس کلومیٹر دور پہاڑیوں سے ٹکرا گیا تھا۔
یاد رہے کہ منگل کوافغانستان کےمشرقی صوبے کنہڑ میں ایک اتحادی فوجی مارا گیا تھا جبکہ سرکاری ذرائع نے صوبہ پکتیا میں سات مشتبہ شدت پسندوں کی ہلاکت کا دعوی کیا تھا۔