Monday, 24 July, 2006, 03:06 GMT 08:06 PST
ایران کے صدر محمود احمدی نژاد نے کہا کہ لبنان پر اسرائیلی حملے لبنان کے پڑوسی ملکوں کا امتحان ہے۔
تہران میں ایک تقریر کے دوران احمدی نژاد نے کہا کہ حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان جاری جنگ تاریخ کا اہم امتحان ہے اور مشرق وسطیٰ کے مسلمان ملکوں سے کہا کہ اسرائیل کے ساتھ اپنے تعلقات ختم کر لیں۔
صدر احمدی نژاد کے مطابق لبنان میں جاری تنازعہ انسانیت کی تاریخ کا تعین کرے گا۔
انہوں نے کہا لبنان میں بےگناہ لوگ مارے جا رہے ہیں اور مسلمان ملکوں کے سربراہ خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں لیکن پھر بھی ان کا دعویٰ ہے کہ وہ مسلمان ہیں۔
احمدی نژاد نے کہا برطانیہ ’بدقسمت‘ اسرائیل کے قیام کا ذمہ دار ہے جبکہ امریکہ اس کی اب مدد کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ دونوں ملک ہی لبنان میں بے گناہ لوگوں کے خون بہائے جانے کے ذمہ دار ہیں۔