Sunday, 23 July, 2006, 13:44 GMT 18:44 PST
عراق کے سابق رہنما صدام حسین کو بھوک ہڑتال کے دوران صورتحال خراب ہونے پر ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
صدام حسین پر ان دنوں عدالت میں مقدمہ چلایا جارہا ہے۔ حال میں ان کے وکیل کو گولی مارکر ہلاک کیے جانے کے بعد سابق عراقی رہنما بھوک ہڑتال پر تھے۔
صدام حسین کا مطالبہ ہے کہ ان کے وکیلوں کو سکیورٹی فراہم کی جائے۔ عدالت کے سرکاری وکیلوں نے بتایا ہے کہ صدام حسین گزشتہ دو ہفتے سے بھوک ہڑتال پر تھے۔
عدالت کے چیف پراسیکیورٹر جعفر الموساوی نے بتایا کہ پیر کے روز سماعت کے دوران صدام حسین عدالت میں موجود نہیں ہوں گے۔
اس مقدمے میں صدام حسین اور ان کے دیگر سات ساتھیوں پر انسانیت کے خلاف جرائم کے الزامات ہیں۔ انہوں نے ان الزامات سے انکار کیا ہے۔
صدام حسین کی قانونی ٹیم نے بتایا ہے کہ ان کے مؤکل اور سات دوسرے قیدیوں نے عہد کیا ہے کہ وہ اس وقت تک ہڑتال ختم نہیں کریں گے جب تک وکلاء صفائی کو بین الاقوامی سطح کا تحفظ فراہم نہیں کیا جاتا۔