Monday, 17 July, 2006, 02:41 GMT 07:41 PST
اسرائیل کے ایک ایف سولہ تیارے نے غزہ شہر میں ایک ہفتے کے دوران دوسری مرتبہ فلسطین کی وزارتِ خارجہ کی عمارت پر بمباری کی ہے۔ تازہ بمباری میں عمارت کا بایاں حصہ تباہ ہوگیا ہے۔
جس وقت ایف سولہ طیارے نے عمارت کو نشانہ بنایا اس وقت وہاں کوئی موجود نہیں تھا۔ تاہم امدادی کارکنوں نے بتایا ہے کہ قریب کی عمارتوں میں موجود پانچ افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
اسرائیل کا کہنا ہے کہ فلسطینی وزارتِ خارجہ کو اس لیئے نشانہ بنایا گیا کیونکہ اس کی قیادت حماس تحریک کے ایک سینیئر رہنما محمود کر رہے ہیں جو فلسطینی وزیرِ خارجہ ہیں۔
دریں اثناء اسرائیل اپنے اس فوجی کی تلاش میں ہے جسے شدت پسندوں نے تین ہفتے قبل قبضے میں لیا تھا۔ اسرائیل نے اعلان کر رکھا ہے کہ اس کا مقصد اپنے فوجی کی بازیابی اور سرحد پار سے فلسطینوں کے راکٹ حملوں کو ختم کرنا ہے۔
اس سے قبل اسرائیلی فوج شمالی غزہ میں واپس آگئی جہاں سے وہ دس روز قبل وہ ایک دو روزہ کارروائی کے بعد چلی گئی تھی۔
اسرائیلی فوجی دستے اور ٹینک جنہں ہیلی کاپٹروں کی مدد حاصل تھی بیتِ حنون کی طرف بڑھ گئے ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ شدت پسند اس علاقے کو اسرائیل کے خلاف راکٹ داغنے کے لیئے استعمال کرتے ہیں۔
فلسطینی میڈیکل ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فضائی حملے میں تین فلسطینی ہلاک اور آٹھ زخمی ہوگئے۔