Sunday, 16 July, 2006, 07:34 GMT 12:34 PST
اسرائیلی افواج ایک ہفتے کے بعد دوبارہ غزہ کے شمالی علاقے میں داخل ہوگئی ہیں جبکہ تازہ اسرائیلی حملوں میں تین افراد ہلاک جبکہ آٹھ زخمی ہوگئے ہیں۔
اتوار کی صبح اسرائیلی فوجیوں اور ٹینکوں نے جنہیں ہیلی کاپٹروں کی مدد بھی حاصل تھی بیت حانون نامی قصبے کی جانب پیش قدمی کی۔
بیت حانون وہ علاقہ ہے جہاں سے اکثر اسرائیلی سرزمین پر راکٹ داغے جاتے ہیں۔ پیش قدمی کرنے والی اسرائیلی فوج کو مسلح فلسطینیوں کے چھوٹے چھوٹے گروہوں کی جانب سے مزاحمت کا سامنا بھی کرنا پڑا۔
اسرائیلی فوج غزہ کے علاقے پر قریباً تین ہفتے قبل اپنے ایک فوجی کے پکڑے جانے کے بعد سے حملے کر رہی ہے اور اسی بازیابی آپریشن کے سلسلے میں اسرائیلی غزہ کے علاقے میں داخل ہوئے تھے تاہم ایک ہفتے قبل اسرائیل نے اپنی فوجیں شمالی غزہ سے نکال کر جنوبی غزہ میں بھیج دی تھیں تاہم اتوار کے آپریشن کے آغاز سے قبل اسرائیلی فوج نے جنوبی غزہ کا علاقہ خالی کر دیا۔
فلسطینی حکام کے مطابق غزہ پر اسرائیل کے فضائی حملے بھی جاری ہیں اور ہفتے کو غزہ شہر پر ہونے والے ایک فضائی حملے میں ایک شخص ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔