Sunday, 09 July, 2006, 00:20 GMT 05:20 PST
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کوفی عنان نے غزہ میں حالات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہاں عوام کی زندگیوں کو شدید خطرہ لاحق ہے۔
انہوں نے کہا کہ کرنی کراسنگ سے خوراک اور دوسری ضروری اشیا فلسطینی علاقوں تک پہنچانے کے لیئے بند راستے فوراً کھول دیئے جانے چاہیے۔ اسی طرح اقوام متحدہ کے امدادی کارکنوں کو بھی متاثرہ علاقوں میں جانے کی اجازت ہونی چاہیے۔
اپنے ایک بیان میں کوفی عنان نے کہا کہ میں اپیل کرتا ہوں کہ فلسطینی علاقوں میں عوام کی مشکلات کم کرنے کے لیئے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔ اس سلسلے میں انہوں نے اسرائیلی فضائیہ کی بمباری سے تباہ ہونے والے بجلی گھر کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے ہسپتال اور پانی کے پلانٹ متاثر ہوئے ہیں۔
امدادی اداروں نے پہلے ہی سے خبردار کر رکھا ہے کہ غزہ میں حالیہ واقعات سے دور رس نتائج برآمد ہوں گے اور ان علاقوں میں جہاں پہلے ہی اسّی فیصد افراد غربت کی زندگی گزار رہے ہیں اور چالیس فیصد لوگ بیروزگار ہیں وہاں اسرائیلی کارروائیوں سے بد ترین انسانی سانحے کے آثار واضح نظر آ رہے ہیں۔
عالمی ادارہ صحت نے بتایا ہے کہ متاثرہ علاقے میں ہسپتال اور صحت کے مراکز اپنے جنریٹر استعمال کر رہے ہیں جس کے لیئے ان کے پاس صرف دو ہفتے کا ایندھن باقی بچا ہے۔
مگر اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ وہ اس وقت تک کارروائی جاری رکھے گی جب تک وہ اپنے پکڑے گئے فوجی کو رہا نہیں کرا لیتی۔