Friday, 07 July, 2006, 07:55 GMT 12:55 PST
اقوام متحدہ کے جوہری توانائی کے ادارے نے ایران کو خبردار کیا ہے کہ جوہری پروگرام ختم کرنے کے عوض بین الاقوامی برادری کی طرف سے اس کے لیے مراعات کا جو اعلان کیا گیا تھا اس کے بارے میں جواب نہ دینے سے عالمی برادری کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو رہا ہے۔
جوہری توانائی کے عدم پھیلاؤ کے عالمی ادارے آئی اے ای اے کے سربراہ محمد البرداعی نے کہا ہے کہ مراعات کے اس پیکج کا ایران جس قدر جلد جواب دے اتنا ہی اچھا ہے۔
البرداعی کی طرف سے یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب ایران کے جوہری معاملات پر مذاکرات کارِ اعلی یورپی برادری سے مذاکرات کے لیئے برسلز پہنچے ہیں۔
واشنگٹن میں وائٹ ہاوس کے ترجمان نے کہا کہ ایران کو مراعات کےپیکج کا جواب دینا چاہیے۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق سین میکروماک نے کہا کہ امریکہ، روس، چین، برطانیہ، فرانس، جرمنی اور یورپی یونین کے وزراء خارجہ آئندہ بدھ کو ایران کے خلاف ممکنہ اقدامات پر غور کریں گے۔
علی لارے جانی یورپی وزیر خارجہ ہاویر سولانہ سے ایک ضیافت میں غیر رسمی بات چیت کریں گے جبکہ باضابط مذاکرات اگلے ہفتے سے شروع ہوں گے۔
ایران نے بین الاقوامی برادری کی طرف سے اعلان کردہ مراعات کے پیکج پر ابتدائی طور پر مثبت ردعمل کا اظہار کیا تھا تاہم ایران نے کہا تھا کہ اس میں کچھ ابہام پایا جاتا ہے۔
تاہم ایران کوان مراعات پر باضابط جواب دینا ہے۔ تہران میں سرکاری اہلکاروں نے اشارے دیئے ہیں کہ ایران اگست کے وسط تک مراعات کے اس پیکج کا جواب دے دے گا۔