Monday, 03 July, 2006, 21:40 GMT 02:40 PST
ایک سابق امریکی فوجی کو عراق میں ایک عورت کی عصمت دری کرنے اور اس کے بعد اس عورت سمیت چار افراد کو قتل کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔
استغاثہ کے وکلاء کا کہنا ہے کہ اکیس سالہ سٹیون گرین اور اس کے ساتھ کچھ فوجیوں نے ایک نوجوان لڑکی کی آبروریزی کرنے کے بعد اس کو اور اس کے تین رشتہ داروں کو قتل کر دیا۔
سٹیون گرین کو امریکی ریاست نارتھ کیرولائنہ سے گرفتار کیا گیا ہے۔
سٹیون گرین کو الزامات ثابت ہوجانے کی صورت میں موت کی سزا بھی سنائی جاسکتی ہے۔
اس بیان میں کہا گیا کہ سٹیون گرین نے ایک آدمی، ایک عورت اور اس کی پانچ سالہ بچی کو گولی مار کر ہلاک کرنے اور ایک لڑکی کی آبرو ریزی کرکے اسے بھی قتل کرنے کا الزام ہے۔
ایک اطلاع کے مطابق سٹیون گرین اور اس کے ساتھی اہلے خانہ کو بیڈ روم میں لے گئے اور پھر ان کو قتل کر دیا گیا۔
امریکی خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق سٹیون گرین کو ان الزامات کے سامنے آنے سے قبل ہی قابل اعتراض رویے پر فوج سے برخاست کر دیا گیا تھا۔
سٹیون گرین اس فوجی یونٹ سے تعلق رکھتا ہے جس کے دو فوجیوں کو گزشتہ ماہ بغداد کے جنوب میں مزاحمت کاروں نے اغواء کر کے قتل کر دیا تھا۔
کچھ اطلاعات کے مطابق اس واقعے کے بعد ہی فوجیوں نے سٹیون گرین کے بارے میں یہ اطلاعات دی ہیں۔
سٹیون گرین کو دس جولائی کو نارتھ کیرولائنہ کی ایک عدالت میں پیش کیا جائے گا۔