http://bbc.com.im/urdu/

Thursday, 29 June, 2006, 06:46 GMT 11:46 PST

ایک فوجی، بارہ طالبان ہلاک

امریکی فوجی حکام کا کہنا ہے کہ افغانستان میں اتحادی فوج کا ایک رکن بارودی سرنگ کے دھماکے میں ہلاک ہوگیا ہے۔

اتحادی فوج کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ واقعہ جنوبی صوبے ہلمند کے نوزاد ڈسٹرکٹ میں اس وقت پیش آیا جب اتحادی فوج کی ایک گشتی گاڑی سڑک پر نصب بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی۔

لڑائی ادھوری نہیں چھوڑیں گے: کونڈالیزا رائس

اس واقعے میں تین دیگر فوجی زخمی بھی ہوئے ہیں اور ہلاک اور زخمی ہونے والے فوجیوں کی قومیت تاحال ظاہر نہیں کی گئی ہے۔ افغانستان میں اس برس تیس سے زیادہ غیر ملکی فوجی مارے جا چکے ہیں جن میں سے زیادہ تر امریکی تھے۔

دریں اثناء اتحادی اور افغان افواج نے ارزگان صوبے میں ایک کارروائی میں بارہ مشتبہ طالبان کو ہلاک کر دیا ہے۔ اتحادی افواج کے مطابق اس جھڑپ میں دو افغان فوجی زخمی بھی ہوئے ہیں۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب اتحادی اور افغان فوج نے طالبان کے ایک ٹھکانے پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں جھڑپ شروع ہوئی۔