Monday, 26 June, 2006, 10:07 GMT 15:07 PST
افغانستان کے دارالحکومت کابل کے نزدیک اتحادی فوج کے ایک قافلے پر مشتبہ خودکش بمبار نے حملہ کیا ہے۔
افغان وزارت داخلہ کے ترجمان یوسف ستانزئی کے مطابق یہ حملہ بگرام میں امریکی فوجی اڈے کے سامنے کیا گیا اور اس میں دو بچے زخمی ہوئے ہیں۔
ایک دوسرے واقعے میں کنار کے صوبے میں کیئے جانے والے فوجی آپریشن کے دوران ایک اتحادی فوجی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگیا ہے۔ اس کی شہریت نہیں بتائی گئی ہے۔ یہ فوجی اتوار کی لڑائی میں زخمی ہوا تھا۔
حالیہ چند ماہ میں اتحادی افواج کے خلاف حملوں میں اضافہ ہوا ہے جن کی ذمہ داری طالبان اور ان کے حامیوں پر عائد کی جاتی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ پیر کا حملہ اس وقت کیا گیا جب آتشگیر مادے سے مسلح ایک ویگن اتحادی فوج کے نزدیک پہنچ کر دھماکے سے اڑا دی گئی۔
امریکی ہلاکتیں |
یہ حملہ بگرام کے فوجی اڈے سے ایک کلومیٹر کے فاصلے پر کیا گیا ہے جوکہ افغانستان میں امریکہ کا سب سے اہم اڈہ ہے۔
اس سال افغانستان میں تیس سے زائد اتحادی فوجی مختلف لڑائیوں کے دوران مارے گئے ہیں جن میں سے بیشتر امریکی تھے۔
ہفتہ کو اتحادی فوج نے کہا تھا کہ جنوبی صوبے قندھار کے پنجوانی علاقے میں میں اس کے دو فوجی مشتبہ طالبان سے جھڑپوں میں ہلاک ہوگئے ہیں۔ ان دونوں کی شہریت بھی نہیں بتائی گئی۔
2001 کے بعد سے مئی کا مہینہ افغانستان کا خونی ترین مہینہ ثابت ہوا ہے۔
افغانستان میں 26000 سے زائد اتحادی فوجی تعینات ہیں جن میں سے 18500 امریکی ہیں جبکہ باقی 7500 کا تعلق 25 ممالک سے ہے۔