http://bbc.com.im/urdu/

Saturday, 24 June, 2006, 04:31 GMT 09:31 PST

اندرون ملک دہشتگردی کا خطرہ

امریکہ کے اٹارنی جنرل البرٹو گونزالیز نے خبردار کیا ہے کہ ملک کے اندر بسنے والے دہشت گرد اتنے ہی خطرناک ہے جتنا کہ غیر ملکی القاعدہ کے آلہ کار۔

شکاگو کے سیئرز ٹاور اور دیگر عمارتوں کو اڑانے کا منصوبہ بنانے کے جرم میں سات افراد پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

ان پر لگائے گئے الزامات کے مطابق پانچ امریکی اور دو ہیٹی سے تعلق رکھنے والے افراد امریکہ کے خلاف ’مکمل زمینی جنگ‘ کرنے کا ارادہ رکھتے تھے۔

حکام کے مطابق انہیں جلد پکڑ لیا گیا ہے اس لیئے اب ان سے کوئی خطرہ نہیں ہے۔
گرفتار ہونے والے دو افراد

اٹارنی جنرل کے مطابق یہ ’ملک کے اندر پیدا ہونے والے دہشت گرد‘ جہادیوں کے پرتشدد پیغام سے متاثر ہیں۔

’یہ وہ لوگ ہیں جو کسی بھی وجہ سے اپنے ملک کو اپنا دشمن سمجھ لیتے ہیں‘۔

ان افراد کی عمریں بائیس سے بتیس برس کے درمیان ہیں اور ان پر لگائے گئے الزامات میں کہا گیا ہے کہ اگرچہ ان کے القاعدہ سے کوئی روابط نہیں ہیں پھر بھی وہ القاعدہ کے پکے وفادار ہیں۔

سات افراد میں سے پانچ کو جمعہ کو میامی کی وفاقی عدالت میں پیش کیا گیا۔