http://bbc.com.im/urdu/

Friday, 23 June, 2006, 03:41 GMT 08:41 PST

شدت پسندوں کی مدد کا الزام

عراق میں موجود امریکی فوجی کمانڈر نے ایران پر الزام لگایا ہے کہ وہ خفیہ طور پر عراق کے شیعہ شدت پسندوں کی مدد کر رہا ہے۔

پینٹاگون میں خطاب کرتے ہوئے اعلیٰ امریکی کمانڈر جارج کیسی نے کہا کہ ایران شیعہ شدت پسندوں کو تربیت دے رہا ہے اور حال ہی میں اس کا اثر رسوخ بڑھ گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عراق میں خود ایرانیوں کے یہ کام کرنے کے شواہد نہیں ہیں لیکن اندازہ ہے کہ تہران کے ایما پر یہ کام ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا جنوری سے شیعہ شدت پسندوں کے لیئے حمایت میں اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’وہ اپنے قائم مقام افراد کے ہاتھوں ہمارے اور عراقی عوام کے خلاف دہشت گرد کارروائیاں کروا رہے ہیں‘۔

انہوں نے کہا کہ شاید تربیت ایران یا لبنان میں کسی جگہ دی جا رہی ہے۔

انہوں نے اس خدشے کا بھی اظہار کیا کہ ایران کے حمایت یافتہ حزب اللہ کے گوریلے عراقی ملیشیا کو تربیت دے رہے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس سال عراقی سے کچھ امریکی فوجی واپس بلا لیئے جائیں گے۔ تاہم اس بارے میں ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔