Thursday, 22 June, 2006, 00:11 GMT 05:11 PST
نامعلوم افراد نے بندوقوں کے سائے میں عراق کے دارالحکومت بغداد کے شمال میں ایک کارخانے کے اسی افراد کو اغواء کر لیا ہے۔
اغوا کی یہ واردات شمالی بغداد میں تاجی کے مقام پر فیکٹریوں کے علاقے میں ہوئی جب دن کی شفٹ ختم کرکے مزدور گھر جانے کی تیاری کررہے تھے۔
روز کے معمول کے مطابق یہ مختلف بسوں میں سوار ہوئے تو چار گاڑیاں آئیں اور چالیس پچاس آدمی دو بسوں اور ایک منی بس میں گھس گۓ۔
انہوں نے عورتوں کو اترنے کا حکم دیا اور خود بسوں کو لے کر چلتے بنے۔ ایک بس کے مسافروں نے مزاحمت کی اور اغوائیوں کے ہاتھ سے ہتھیار چھین لۓ۔
اس طرح بڑی تعداد میں لوگوں کے اغوا کی وارداتیں پہلے بھی ہو چکی ہیں۔ تاہم سن دو ہزار تین میں صدام حسین کی حکومت ختم ہونے کے بعد یہ اپنی نوعیت کی سب سے بڑی واردات تصور کی جا رہی ہے۔
مارچ اور مئ میں دو وارداتوں میں اسّی افراد کو اغوا کیا گیا تھا جن میں سے سترہ کو رہائی ملی تھی۔ باقی کے ساتھ کیا ہوا یہ نہیں معلوم۔