http://bbc.com.im/urdu/

Sunday, 18 June, 2006, 00:35 GMT 05:35 PST

فلسطینیوں کی امداد منظور

مشرقِ وسطیٰ میں امن کوششوں کے لیے سرگرم چار طاقتی گروپ نے فلسطینیوں کی امداد کے لیے یورپی یونین کے منصوبے کو منظور کر لیا ہے۔

فلسطینیوں کے لیے یورپی یونین کی امداد حماس کے منتخب ہونے اور حکومت میں آنے کے بعد سے بند کر دی گئی تھی۔

اس منظوری کے نتیجے میں یہ ممکن ہو جائےگا کہ فلسطینیوں کو امداد دی جائے لیکن یہ امداد حکومتوں کے بجائے اب دوسرے ذرائع سے دی جائے گی۔

خیال کیا جارہا ہے کہ اس منصوبے کے تحت فلسطینیوں کو بارہ کروڑ ڈالر کے لگ بھگ فنڈز مہیا کیے جائیں گے۔

اس امدا میں طبی سہولتوں کی فراہمی اور غریب فلسطینیوں کے لیے بنیادی ضروریات کا انتظام شامل ہیں۔

کوارٹٹ نے اس بات پر زور دیا ہے کہ یورپی یونین کی امداد کا یہ منصوبہ مختصر اور محدود نوعیت کا ہے۔

امریکہ نے اس منظوری کے بارے میں کہا ہے کہ ان امدادی فنڈز کو سرکاری ملازمین کی تنخواہیں ادا کرنے کے لیے استعمال نہ کیا جائے۔ امریکہ اور اسرائیل چاہتے ہیں کہ حماس تشدد کی مذمت کرے، اسرائیل کو تسلیم کرے۔ لیکن حماس نے اب تک اس بات کو تسلیم نہیں کیا ہے۔