http://bbc.com.im/urdu/

Saturday, 17 June, 2006, 11:36 GMT 16:36 PST

اطالوی شہزادے پر دلالی کا الزام

اٹلی میں ملک کے آخری بادشاہ کے بیٹے شہزادہ وکٹر اِمینویل کو رشوت لینے اور جسم فروشی کے بارے میں تفتیش کے سلسلے میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔

انہتر سالہ شہزادے کو شمالی اٹلی کے ایک شہر کے کسینو میں گاہکوں کے لیئے لڑکیوں کا بندوبست کرنے کے الزام میں پکڑا گیا ہے۔

شہزادے کے خاندان نے ان الزامات کی سختی سے تردید کی ہے۔

وکٹر امینویل سن دو ہزار تین میں چھپن سال کی جلا وطنی کے بعد اٹلی واپس لوٹے تھے۔

اطلاعات کے مطابق تفتیش کرنے والوں کو شک ہے کہ شہزادے کے مافیا سے تعلقات ہیں اور ان کا ایک کسینو کے گاہکوں کے لیئے جسم فروش لڑکیوں کا بندوبست کرنے میں بھی کردار ہے۔

وِکٹر اِمینویل شاہ امبرتو دوئم کے بیٹے ہیں جنہیں دوسری جنگ عظیم کے بعد اس لیئے سزا کے طور پر جلا وطنی پر مجبور کر دیا گیا تھا کہ ان کے دادا شاہ وکٹر اِمینویل سوئم نے فاشسٹ آمر بنیتو مسولینی کی حمایت کی تھی۔