Saturday, 17 June, 2006, 10:39 GMT 15:39 PST
فرانسیسی پارلیمان کے ایوان بالا نے امیگریشن سے متعلق ایک نیا مگر سخت قانون منظور کرلیا ہے۔
اس قانون کے تحت فنی مہارت نہ رکھنے والے افراد کے لیئے فرانس میں بسنا انتہائی مشکل ہوجائے گا جبکہ غیر قانونی تارکین وطن دس برس رہنے کے بعد ملک میں رہنے کا اپنا حق کھو دیں گے۔
وزیر داخلہ نکولس سرکوزی، جنہوں نے اس قانون کا مسودہ تیار کیا تھا، کہتے ہیں کہ یہ قانون فرانس کو دیگر ممالک کے برابر لا کھڑا کرے گا۔
تنقید کاروں کاکہنا ہے کہ یہ قانون نسلی امتیاز پر مبنی ہے۔ انہوں نے سرکوزی پر دائیں بازو کی حمایت کا الزام لگایا۔
نکولس سرکوزی کو اگلے برس کا اہم صدارتی امیدوار سمجھا جارہا ہے۔ ان کا موقف ہے کہ فرانس کو اپنی امیگریشن کے رحم و کرم پر ہونے کے بجائے اسے اپنے قابو میں کرنا چاہیئے۔
تارکین وطن کی مشکلات |
سرکوزی کا کہنا ہے کہ فرانس کو غیر ممالک سے آنے والے افراد میں سے ان کو چننا ہوگا جنہیں فرانس بہتر سمجھے گا۔
فرانس میں بیشتر غیر ملکی وہ افراد ہیں جو اس کی سابق افریقی نو آبادیوں سے تعلق رکھتے ہیں۔
اس قانون کے خلاف فرانس میں بسنے والے تارکین وطن کے علاوہ دیگر کئی ممالک نے بھی تنقید کی ہے۔